خواتین کاعالمی دن حقوق نسواں کی آگہی کیلیے ہے ‘ڈاکٹرفوزیہ

167
عورتوں کے عالمی دن کے موقع پر عافیہ موومنٹ کی سربراہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ درانی و دیگر کے ساتھ گروپ فوٹو
عورتوں کے عالمی دن کے موقع پر عافیہ موومنٹ کی سربراہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ درانی و دیگر کے ساتھ گروپ فوٹو

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہاہے کہ جنیوا کنونشن اور انسانی حقوق کے عالمی قوانین کے تحت عورتوں کو تحفظ کا خصوصی حق حاصل ہے جن کے مطابق خواتین کے ساتھ کسی بھی سطح پر امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا۔عورتوں کے عالمی دن منانے کا مقصداس شعور کو اجاگر کرنا ہے مگر جب حکمران انسانی و حقوق نسواں کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کریں تو سب کچھ بے معنی ہوجاتا ہے، ڈاکٹر عافیہ کے معاملے میں انسانی اور عورتوں کے حقوق کو بے دردی سے پامال کیا گیا ہے وزیراعظم عمران خان ڈاکٹرعافیہ کووطن واپس لانے کاوعدہ پوراکریں۔وہ آج بھی ہر انسانی و حقوق نسواں سے محروم ہے۔عورتوں کے عالمی دن کے موقع پر عافیہ موومنٹ کی رضاکار خواتین نے عورتوں کے حقوق کی مختلف تنظیموں کے ہمراہ ڈاکٹر عافیہ کے انسانی و حقوق نسواں کی پامالیوں اور16 سال سے جاری قیدناحق کے خلاف کراچی پریس کلب پر مظاہرہ کیا۔اس حوالے سے ملک بھر میں ڈاکٹر عافیہ کے سپوٹررز نے مختلف پروگرامات کا انعقاد کیا۔عورتوں کے حقوق کے حوالے سے ’’ویمن امپاورمنٹ گروپ‘‘ کے اجلاس میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے شرکت کی، جس میں سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ خان درانی، پی ٹی آئی خواتین ونگ کی صدر کیپٹن ترانہ، ڈاکٹر شہلا، ڈاکٹر مسز عباسی و دیگر بھی موجود تھیں۔عورتوں کے عالمی دن کے موقع پر جی ٹی روڈ، ترنول اسلام آباد میں منعقدہ ’’عافیہ رہائی کیمپ‘‘ کے شرکاء سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ عافیہ پر ہونے والے مظالم نے انسانیت کو شرما دیا ہے۔