قرآن کو تھام کر ہی عزت و برتری حاصل کی جاسکتی ہے ٗ سیف ایڈووکیٹ

54
جماعت اسلامی علاقہ فاطمہ جناح کالونی کے تحت قرآن و سنت کانفرنس سے سیف الدین ایڈووکیٹ، مولانا عبد الوحید اور انور اسماعیل خطاب کررہے ہیں
جماعت اسلامی علاقہ فاطمہ جناح کالونی کے تحت قرآن و سنت کانفرنس سے سیف الدین ایڈووکیٹ، مولانا عبد الوحید اور انور اسماعیل خطاب کررہے ہیں

کراچی (پ ر)جماعت اسلامی کراچی کی پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر اور ضلع قائدین کے امیر سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ قرآن کو تھا م کر ہی عزت و برتری حاصل کی جاسکتی ہے ، قابل مبارکباد اور بہترین ہیں وہ لوگ جو قرآن کا علم حاصل کرتے ہیں ، اس پر عمل کرتے ہیں اور اس کی دعوت کو دوسروں تک پہنچاتے ہیں ، جماعت اسلامی قرآن کے نظام کو اس زمین پر نافذ کرنے اور انفرادی اور اجتماعی زندگی میں قرآنی تعلیمات کو عام کرنے کی جدوجہد میں مصروف ہے ، ہماری تحریک کا مرکز و محور اقامتِ دین اور رضائے الٰہی کاحصول ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی علاقہ فاطمہ جناح کالونی یوسی 14کے تحت سہ روزہ قرآن و سنت کانفرنس کے آخری دن صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مولانا عبد الوحید نے کہاکہ قرآن ایک انقلابی کتاب ہے ، جو پوری دنیا پر چھاجانے کے لیے نازل کی گئی ، مولانا مودودی ؒ نے جماعت اسلامی کی بنیاد ڈالتے ہوئے کہا تھاکہ قرآن وسنت کی دعوت لے کر اٹھو اور پوری دنیا پر چھاجاؤ ، قرآن و سنت کی دعوت کا مطلب اللہ کے دین کا غلبہ ہے ، قرآن ہی وہ واحد کتاب ہے جو سیدھا راستہ دکھاتی ہے ۔