پی ایس ایل فور کا میلہ کل سے کراچی میں سجے گا،تیاریاں مکمل

109

کراچی (سید وزیر علی قادری) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا متحدہ عرب امارات سے پاکستان آمد پر کراچی کے شائقین اور اپنے سپر اسٹارز کے مداحوں کے انتظار کی گھڑیاں ختم اور پی ایس ایل کا میلہ کل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اپنی رونقیں بکھیرے گا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کو شائقین کرکٹ ایک نئے انداز میں دیکھیں گے جہاں ترقیاتی کام کو فلحال روک دیا گیا ہے تاہم انکلوژر ز پر لگی رنگ برنگی کرسیاں اور چاروں طرف خوبصورت پودوں سے سجاوٹ ایک دلکش منظر پیش کررہا ہے۔ گزشتہ روز پویلین کے باہر کھانے پینے کے اسٹالز لگادیے گئے اور سیکورٹی سخت کردی گئی۔ میڈیا اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے ذمہ داران کے لیے اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے کارڈ جاری کردیے گئے۔ مختلف شاہراوں پر کنٹرینر پہنچا دیے گئے جو آج کسی وقت بھی سڑکوں کو بند کردیں گے ۔ اس کے علاوہ شائقین کرکٹ کے لیے شٹل سروس اور وی آئی پی پاس کے حامل افراد کے لیے روٹ کا اعلان کردیا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین احسان مانی نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میڈیا سنٹر کا دورہ کیا اور انتظامات پر اطمیعنان کا اظہار کیا۔ اس دوران انہوں نے مقابلوں کے دوران اسپورٹس صحافیوں کو مکمل سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے میڈیا سے مختصر گفتگو میں پی ایس ایل کے کراچی میں میچز کے انعقاد پر میڈیا کے کردار کی تعریف کی اور امارات میں میچز کی کوریج پر صحافیوں کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ کل سے شروع ہونے والے میچز کو بھی اسی طرح اخبارات اور الیکٹرانک میڈیا میں کوریج ملے گی جس سے پاکستان کا سافٹ امیج پوری دنیا میں جائے گا۔ قبل ازیں انہوں نے اسٹیڈیم کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور جاری کام کا جائزہ لیا،این ایل سی کے کرنل صہیب اور نیشنل اسٹیڈیم کے جنرل منیجر ارشد خان نے ان کو تفصیلی بریفننگ دی،دریں اثنا پی ایس ایل فورکے 8میچز کی میزبانی نیشنل اسٹیڈیم کراچی کررہا ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کی تیاریاں ایک سال سے جاری ہیں تاہم جاوید میانداد انکلوژر اب تک تیار نہیں ہوسکا۔ گراؤنڈ کے اطراف ڈیجیٹل بانڈری بھی نصب ہوچکی ہے جبکہ آئی جی سندھ نے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔اسٹیڈیم میں ٹیلفون کی چھت چند انکلوژرز پر نہیں لگ سکی۔ اس کے علاوہ 8 میچز کیلیے 5 پچز تیار کرلی گئی ہیں جنھیں کور کردیا گیا ہے۔پی ایس ایل میچز کے حوالے سے نیشنل اسٹیڈیم میں جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں اسٹیڈیم آنے والا ہرشخص مانیٹر کیا جائے گا۔