کالعدم تنظیموں پر پابندی کا فیصلہ اندرونی معاملہ ہے ،عالمی دباؤ نہیں،عمران خان 

88
اسلام آباد، وزیر اعظم عمران خان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں
اسلام آباد، وزیر اعظم عمران خان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیموں پر پابندی کا فیصلہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے،کوئی عالمی دباؤ نہیں ،دنیا پر واضح کرچکے کہ ہم وہ فیصلہ کریں گے جو ملکی مفاد میں ہو گا۔وزیراعظم کی زیر صدارت تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کامشترکہ اجلاس ہواجس میں اقتصادی اصلاحات بل 19۔2018 ء کی منظوری دی گئی۔ ذرائع کے مطابق دورانِ اجلاس عمران خان نے پاک بھارت کشیدگی پر شرکاء کو اعتماد میں لیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بروقت اور درست فیصلوں سے جنگ کا خطرہ ٹل گیا، پاکستان اور بھارت میں کشیدگی پہلے سے کم ہوئی لیکن خطرہ برقرار ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پارٹی اراکین نے وزیراعظم کے امن اقدامات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے اقدامات سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت پیغام پہنچا۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکاء نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بھی شاندار سفارت کاری پر شاباش دی۔