وینزویلا کے خودساختہ صدر 11 روز کے بعد وطن واپس

33
کراکس: وینزویلا کے خودساختہ صدر خوآن گوائیڈو وطن واپسی پر حامیوں کے درمیان موجود ہیں
کراکس: وینزویلا کے خودساختہ صدر خوآن گوائیڈو وطن واپسی پر حامیوں کے درمیان موجود ہیں

کراکس (انٹرنیشنل ڈیسک) وینزویلا میں حزب اختلاف کے رہنما خوآن گوائیڈو اپنے حامیوں کے ساتھ 11 روز کے بعد واپس وینزویلا پہنچ گئے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پیج پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم آزاد افراد کی حیثیت سے وینزویلا واپس لوٹے ہیں اور اس آزادی کے حق کو کوئی بھی جھٹلا نہیں سکتا۔ واضح رہے کہ گوائیڈو امریکا کی طرف سے کولمبیا بھیجی گئی انسانی امداد کے وینزویلا میں داخلے سے ایک دن پہلے ملک سے نکل کر کولمبیا پہنچے تھے اور بعدازاں انہوں نے اپنے حامی ممالک برازیل، ارجنٹائن، پیراگوئے اور ایکواڈور کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے اہم شخصیات سے ملاقاتیں کرکے اپنی حمایت کو یقینی بنایا۔ وینزویلا کے اٹارنی جنرل نے جنوری کے آخر میں گوائیڈو پر بیرون ملک سفر کی ممانعت، مالی اثاثوں اور بینک اکاونٹس منجمد کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست پیش کی تھی، جسے ایک دن بعد منظور کرلیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ وینزویلا میں حزب اختلاف کی اکثریت کی حامل اسمبلی کے اسپیکر خوآن گوائیڈو نے خود کو ملک کے عبوری صدر قرار دیا تھا اور اس کے بعد امریکا سمیت آسٹریلیا، کینیڈا، کولمبیا، پیرو، ایکواڈور، پیراگوئے، برازیل، چلی،پاناما، ارجنٹائن، کوسٹاریکا اور گوئٹے مالا نے بھی انہیں وینزویلا کے نئے صدر کے طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ میکسیکو، ترکی، روس، ایران، کیوبا، چین اور بولیویا، وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو کی حمایت کر رہے ہیں۔