خطرہ ٹلا نہیں،نظریں جمائے ہوئے ہیں،سربراہ پاک فضائیہ

63
اسلام آباد:پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور آپریشن بیس کے دورے پر شاہینوں سے خطاب کررہے ہیں
اسلام آباد:پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور آپریشن بیس کے دورے پر شاہینوں سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) پاک فضائیہ کے سربراہ ا مجاہد انورخان کا کہنا ہے کہ خطرہ ٹلانہیں ‘ نظریں جمائے ہوئے ہیں۔ائرچیف مارشل مجاہد انورخان نے پاک فضائیہ کے فارورڈ آپریٹنگ بیسزکا دورہ کیا اورہوا بازوں، ائرڈیفنس، انجینئرنگ اورسیکورٹی پرمامور عملے سے ملاقات کی۔اس دوران ائرچیف نے دشمن کے خلاف حالیہ فضائی کامیابی کے دوران عملے کے بلند حوصلے اورپیشہ ورانہ مہارت کوسراہتے ہوئے کہا کہ ہم خدائے ذوالجلال کے حضورسربسجود ہیں جس نے ہمیں یہ طاقت دی کہ ہم اپنی قوم کی امیدوں پر بھرپوراندازمیں پورا اترسکے۔مجاہدانورنے کہا کہ دشمن کے ساتھ حالیہ کشیدگی میں مادرِ وطن کی سالمیت اوردفاع کے فریضے کو بطریقِ احسن انجام دینے پر پوری قوم کو پاک فضائیہ پر ناز ہے لیکن مشکل وقت ابھی ختم نہیں ہوا، ہمیں ابھی بھی دشمن کی طرف سے کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا۔علاوہ ازیں پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے باعث پاکستان کی فضائی حدود کو مزید ایک روز کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود کو 5مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔دوسری جانب اعلیٰ حکومتی ذرائع نے خدشہ ظاہرکیا ہے کہ پاکستان پر میزائل حملے میں ناکامی کے بعد بھارت پاکستان کے کچھ شہروں میں بڑے دہشت گرد حملے کراسکتا ہے۔ اعلیٰ حکومتی ذمے دار نے بتایا کہ بھارت نے راجستھان کے ائربیس سے پاکستان میں7 جگہ پر میزائل حملے کا منصوبہ بنایا تھا،پاکستان کی سیکورٹی ایجنسیز کو اس حملے کا قبل از وقت پتا چلا جس پر ایجنسیز نے بھارتی ایجنسیز کو خبردار کیا کہ اگر آپ حملہ کریں گے تو تو ہمارا حملہ اس سے 3گنا زیادہ ہوگا۔ذرائع نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے اس رابطے میں کچھ عالمی رہنماوں کو بھی شامل کیا گیا اور اس طرح پاکستان کے خلاف یہ بڑا منصوبہ ٹل گیا۔