را جر فیڈرر100 ٹائٹل جیتنے والے ٹینس کے دوسرے کھلاڑی

84

 

سید پرویز قیصر

سوٹزر لینڈ کے راجر فیڈررسو اے ٹی پی ٹائٹل جیتنے والے دوسرے کھلاڑی بنے۔ انہوں نے دبئی ٹینس چمپئین شپ میں یہ اعزازاپنے نام کیا۔ سب سے زیادہ اے ٹی پی ٹائٹل جیتنے والے کھلاڑی امریکاکے جمی کارنرز ہیں جنہوں نے1972 اور1989. کے درمیان109 ٹائٹلز اپنے نام کیے تھے۔
راجر فیڈرر نے 2000 میں پہلی مرتبہ فائنل میں داخلہ حاصل کیا مگر اس سال دونوں فائنل میچوں میں انہیں شکست ہوئی ۔2001میں انہوں نے اپنا پہلا ٹائٹل اپنے نام کیا ۔ اٹلی کے شہر میلان میں انہوں نے میلان انڈور ٹورنامنٹ جیت کر اپنے ٹائٹلز کی شروعات کی تھی۔
لگاتار 237 ہفتوں تک اور کل ملاکر 310 ہفتوں تک عالمی نمبر ایک رہنے والے راجر فیڈرر نے ایک سال میں سب سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ 2006 میں کیا تھا۔ اس سال انہوں نے 16 مرتبہ ٖفائنل میں داخلہ حاصل کیا تھا جس میں12 میں انہیں کامیابی ملی اور4 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سال انہوں نے4 میں سے3 گرینڈ سلم خطاب بھی جیتے تھے۔2004 میں وہ11 مرتبہ فائنل میں پہنچے اور ہر مرتبہ خطاب اپنے نام کیا۔ اس سال وہ3 گرینڈ سلم خطاب بھی اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے تھے۔2005 میں بھی انہوں نے11خطاب اپنے نام کئے تھے۔ اس سال وہ 12 مرتبہ فائنل میں پہنچے تھے جس میں ایک میں انہیں شکست ہوئی تھی۔ انہوں نے 2005 میں2 گرینڈ سلم خطاب بھی جیتے تھے۔
راجر فیڈرر نے ابھی تک 20 گرینڈ سلم خطاب جیتے ہیں جو ایک ریکارڈ ہے۔ انہوں نے8 مرتبہ ومبلڈن، 6 مرتبہ آسڑیلین اوپن، 5 مرتبہ امریکی اوپن اور ایک مرتبہ فرنچ اوپن خطاب جیتا ہے۔
37 سالہ راجر فیڈرر نے ابھی تک152 فائنل میں داخلہ حاصل کیا ہے جس میں سے وہ100 میں جیتے ہیں اور52 میں انہیں شکست ہوئی ہے۔ امریکا کے جمی کارنرز نے164 میں سے109 میں کامیابی حاصل کی ہے۔
سب سے زیادہ خطاب جیتنے والے کھلاڑیوں میں تیسرا مقام امریکاکے ایوان لینڈل کا ہے۔ انہوں نے146 میں سے94 میں کامیابی حاصل کی تھی۔ وہ پہلے چیکو سلاویہ کے کھلاڑی تھے بعد میں انہوں نے امریکا شہریت لے لی تھی۔
اسپین کے رافیل ندال جن کا عالمی رینکنگ میں اس وقت دوسرا مقام ہے، نے117 میں سے80 خطاب جیتے ہیں اور وہ اس فہرست میں چوتھے مقام پر ہیں۔ انہوں نے17 گرینڈ سلم خطاب بھی جیتے ہیں جورا جر فیڈرر کے بعد دوسرے سب سے زیادہ گرینڈ سلم خطاب ہیں۔
امریکا کے جان میکنرو نے109 فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا جس میں77 میں انہیں کامیابی ملی تھی۔ وہ7 گرینڈ سلم خطاب بھی جیتنے میں کامیاب رہے تھے۔