کلین ٹیکنا لوجی پاکستان کیلیے کھربوں ڈالر کی انڈسٹری ہے، احمد حسن مغل

153
کال فار کلین ٹیک انوویشن ایورڈز 2019کے مقابلے کا اجراء کے موقع پر گروپ فوٹو
کال فار کلین ٹیک انوویشن ایورڈز 2019کے مقابلے کا اجراء کے موقع پر گروپ فوٹو

 

اسلام آباد (کامرس ڈسیک) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کلین ٹیک انوویشنز کو فروغ دینے کے لیے نیشنل کلین ٹیک پلیٹ فارم کے تحت کال فار کلین ٹیک انوویشن ایورڈز 2019کے مقابلے کا اجراء کیاہے ۔ اس مقابلے میں پورے پاکستان سے ایس ایم ایز اورا سٹارٹ اپ کاروباری ادارے حصہ لینے کے مجاز ہوں گے۔ مقابلہ میں حصہ لینے والے پلاسٹک ویسٹ ریسائکلنگ، رینیوایبل انرجی، ربوٹکس و آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور ویسٹ ٹو انرجی کے شعبوں میں صنعتی اداروں کے مسائل کے حل کے لیے جدید آئیڈیاز پیش کریں گے ۔ مقابلہ میں حصہ لینے کی آخری تاریخ 25مارچ 2019ہے۔ مقابلہ میں حصہ لینے کے خواہشمند چیمبر کی ویب سائٹ سے درخواست ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں اور مکمل درخواست ای میل ایڈرس gcip@icci.com.pkپر بھیج سکتے ہیں۔ مقابلے میں قومی سطح پر جیتنے والے اور رنر اپ کوکیش انعام دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ نیشنل مقابلہ جیتنے والے کو بین الاقوامی سطح پر شناخت کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو سرپرستی اور ٹریننگ کی سپورٹ بھی فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ قومی مقابلہ جیتنے والے کو چیمبر کی طرف سے بزنس ڈویلپمنٹ کی کوششوں میں مفت مدد فراہم کی جائے گی اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کی سلور ممبرشپ دی جائے گی جبکہ انٹرنیشنل سرمایہ کاروں کے ساتھ اس کو منسلک کیا جائے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ کلین ٹیکنالوجی اس وقت دنیا میں کھربوں ڈالر کی انڈسٹری ہے اور پاکستانی انوویٹرز کے لیے اس شعبے میں ترقی کرنے کے پرکشش مواقع موجود ہیں۔