تجاوزات کی بھرمارنے حیدرآباد کے حسن کو گہنا دیا ،نعیم احمد شیخ

476
ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس حیدرآباد رینج نعیم احمد شیخ استقبالیہ سے خطاب کر رہے ہیں
ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس حیدرآباد رینج نعیم احمد شیخ استقبالیہ سے خطاب کر رہے ہیں

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس حیدرآباد رینج نعیم احمد شیخ نے کہا ہے کہ حیدرآباد میں سڑکوں پر تجاوزات کے روز افزوں اضافے اور ٹریفک قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی وجہ سے ٹریفک جام معمول بن گیا ہے جس کے سبب حیدرآباد کی صورت بگڑتی جارہی ہے اور اِس کا وہ حُسن برقرار نہیں رہا جو ماضی میں نظر آتا تھا جسے دوبارہ بحال کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ وہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے کانفرنس ہال میں اُن کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے تاجر اور صنعتکاروں کے نمائندہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ شہری ٹریفک کی خلاف ورزی کو اپنی زندگی کا حصہ بناچکے ہیں اور اُس کو خلاف قانون نہیں سمجھتے اِس سلسلے میں جلد ایک آگاہی مہم شروع کی جائے گی اور اُس کے بعد کالے اور گورے کی تفریق کا لحاظ رکھے بغیر قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کی بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ حیدرآباد کے شہری ہیں اور ماضی اور حال کے حیدرآباد کی صورتحال کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ تاجر و صنعتکاروں اور پولیس کے درمیان رابطہ کار کے لیے ایک فوکل پرسن کو فوری مقرر کرنے کا حکم دیتے ہیں اور سپاسنامہ میں پیش کردہ تمام مسائل پر بخوبی غور کے بعد اُن پر عملدرآمد کو جلد از جلد ممکن بنایا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا حیدرآباد کی یہ محذوش حالت اِس وجہ سے ہے کہ حکومتی محکمہ جات اپنی ذمہ داریاں دوسرے پر ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں اور حالات کو دُرست کرنے اور اپنی منصبی ذمہ داریاں سنبھالنے سے جی چُراتے ہیں اِس کے لیے محکمہ جات کو اپنی اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے شادی ہال، پان چھالیہ اور کھتّہ وغیرہ سے مسائل پر غور کرنے کا وعدہ کیا اور کہا کہ صرف غیر ممنوعہ اشیاء پر گرفت کی جائے گی اور جو اشیاء غیر ممنوعہ میں شمار نہیں ہوتیں اُن کے بارے میں فوری ماتحت افسران کو ہدایات جاری کی جائیں گی۔