بھارت جنگ چاہتا ہے اور ہم امن کا فروغ ،وزیر بلدیات 

202
وزیر بلدیات اور کمشنر کراچی پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے ہیں
وزیر بلدیات اور کمشنر کراچی پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہے جبکہ ہم یہاں امن کے فروغ کے لیے کرکٹ کا جنون دکھارہے ہیں۔ شہر قائد میں پی ایس ایل کو بھرپور طریقے سے خوش آمدید کہتے ہیں، ہر آنے والے دن کے ساتھ کرکٹ کے لیے محبت بڑھتی نظر آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی شام شاہراہ فیصل پر منعقدہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب سے کیا۔ تقریب سے کمشنر کراچی افتخار شالوانی ،آرٹس کونسل آف پاکستان کے صدر احمد شاہ، ڈی سیز ایسٹ اور ساؤتھ و دیگرنے بھی خطاب کیا۔ سعیدغنی نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے تمام اداروں کو پی ایس ایل کا جشن منانے کیلیے اجازت دی گئی ہے،اس سلسلے میں حکومت بھی ان کے ساتھ تعاون کرے گی۔ سعید غنی نے امید ظاہر کی کہ شہری پی ایس ایل سے خوب لطف اندوز ہوں گے۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ حکومتِ سندھ نے پی ایس ایل کی کراچی آمد پر بھرپور جشن منانے کی تیاری کر رکھی ہے، سیاسی اور انتظامی کوششوں کی وجہ سے دہائیوں پرانا امن لوٹ آیاہے۔ پی ایس ایل کی رنگارنگ افتتاحی تقریب کا انعقاد ایف ٹی سی کے بمقابل گرین بیلٹ پر ہوا۔ تقریب میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔ منتظمین کی جانب سے شرٹس بھی تقسیم کی گئیں۔