بھارتی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے دو جوان شہید

186

راولپنڈی: بھارت کی کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ سے پاکستان آرمی کے دو جوان شہید ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کی متعدد چوکیاں تباہ کردی گئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی کے نکیال سیکٹر  میں شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہوگئے۔ شہید ہونے والے میں حوالدار عبدالرب اور نائیک خرم شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں جوان شہری آبادی پرفائرنگ کےجواب میں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنا رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان فوج نے جوابی کارروائی میں بھارتی چوکیوں کو تباہ کرتے ہوئے دستوں کوکافی حد تک نقصان پہنچایا ہے۔

واضح رہے کہ کچھ دیر قبل بھارتی فوج نے تتہ پانی اور جندروٹ سیکٹرز میں فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں دو شہری شہید جب کہ دو زخمی ہوگئے تھے۔