بھارتی طیاروں کو تباہ کرنیوالے پائلٹس قوم کے محسن ہیں‘مفتی منیب

127
رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں
رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) تنظیم المدارس اہلسنت کے صدر مفتی منیب الرحمن نے کہا ہے کہ 2بھارتی طیاروں کو گرانے والے پاکستانی پائلٹس پوری قوم کے محسن ہیں ،اُن کی شجاعت سے بھارتی ائر فورس کا مورال ڈاؤن ہوا ہے اور پاکستانی قوم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں، ہم ان کو سلام کرتے ہیں ،ا سکواڈرن لیڈر محمد حسن صدیقی اور ان کے کو پائلٹ کونشانِ سپاس کے طورپر علمائے اہلسنت کی جانب سے گولڈ میڈل اور اعزازی شیلڈ پیش کی جائے گی اور جبّہ گاؤں کو ان کے نام سے موسوم کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے علما ومشایخ اہلسنت کے ساتھ دارالعلوم نعیمیہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔اس موقع پر دیگرمفتیان و علماکرام بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم تینوں مسلّح افواج کے سربراہان اور وزیر اعظم کے شکر گزار ہیں اور ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل آصف غفور نے بھی قوم کی صحیح ترجمانی کی ۔اپوزیشن اور پوری قوم یکجان اور ملکی سلامتی کے لیے یکسو ہوگئی، ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، جنگ کسی کے لیے بھی ترجیحِ اول نہیں ہونی چاہیے لیکن اگر دشمن بدنیتی سے جنگ مسلّط کردے تو پھر قدم پیچھے ہٹانا بزدلی اور غیرتِ ایمانی کے منافی ہے۔پھر آگے بڑھنے کے سوا کوئی دوسرا آپشن نہیں رہتا۔ امن خیرات کے طور پر نہیں ملتا، طاقت کی پوزیشن میں ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام سمیت پوری دنیا میں کوئی بھی جنگ نہیں چاہتا، الیکشن جیتنے کے لیے نریندرمودی کی مکروہ سیاسی چال تھی، قدرت نے اُسے رسوا کردیا۔ایسے میں ہمارے میڈیا کو چاہیے کہ بھارتی ثقافت سے اجتناب کرے۔