صوبائی حکومت کی جانب سے تمام اداروں کو پی ایس ایل کا جشن منانے کے لئے اجازت دی گئی ہے، وزیر بلدیات سندھ سعید غنی

119

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہے جبکہ ہم یہاں امن کے فروغ کے لئے کرکٹ کا جنون دکھارہے ہیں۔ شہرِ قائد میں پی ایس ایل کو بھرپور طریقے سے خوش آمدید کہتے ہیں، ہر آنے والے دن کے ساتھ کرکٹ کے لئے محبت بڑھتی نظر آئے گی۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی شام شاہراہ فیصل پر منعقدہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب سے کیا۔ تقریب سے کمشنر کراچی افتخار شالوانی ،آرٹس کونسل آف پاکستان کے صدر احمد شاہ، ڈی سیز ایسٹ اور ساؤتھ و دیگرنے بھی خطاب کیا۔ سعیدغنی نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے تمام اداروں کو پی ایس ایل کا جشن منانے کیلیے اجازت دی گئی ہے،

اس سلسلے میں حکومت بھی ان کے ساتھ تعاون کرے گی۔ سعید غنی نے امید ظاہر کی کہ شہری پی ایس ایل سے خوب لطف اندوز ہوں گے۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ حکومتِ سندھ نے پی ایس ایل کی کراچی آمد پر بھرپور جشن منانے کی تیاری کر رکھی ہے، سیاسی اور انتظامی کوششوں کی وجہ سے دہائیوں پرانا امن لوٹ آیاہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ دنوں سے جاری پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے عوام تذبذب کا شکار تھے مگر انہیں یقین دلاتا ہوں کہ ہم اپنی سرگرمیاں ترک نہیں کریں گے۔ کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے شہر میں امن و امان کی بحالی پر اگلا پی ایس ایل سیزن پاکستان میں منعقد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پورے شہر میں پی ایس ایل کے سائن بورڈز آویزاں کردئیے گئے ہیں، کراچی کے ہر حصے میں پی ایس ایل کا جشن ہوگا۔ پی ایس ایل کی رنگارنگ افتتاحی تقریب کا انعقاد ایف ٹی سی کے بمقابل گرین بیلٹ پر ہوا۔

کرکٹ سے محبت کرنے والے شہریوں کا جوش و خروش قابلِ دید تھا۔ پاکستان کے قومی و ثقافتی رنگوں سے سجی اس تقریب میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔ منتظمین کی جانب سے I love Karachi اور I love Cricket کے پیغامات والی شرٹس بھی تقسیم کی گئیں۔