نیا بنگلادیش نہیں بننے دینگے،اپنے حق کیلیے لڑینگے،آصف زرداری 

25
ٹنڈو آدم: سابق صدر مملکت آصف زرداری تقریب سے خطاب کررہے ہیں
ٹنڈو آدم: سابق صدر مملکت آصف زرداری تقریب سے خطاب کررہے ہیں

ٹنڈوآدم ( نمائندہ جسا رت) پیپلزپارٹی کے کو چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی ذرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں اب کوئی بنگلا دیش نہیں بننے دیں گے ہم نہ صرف سندھ بلکہ ملک کی عوام کے حقوق کے لیے لڑیں گے ، 18ویں ترمیم پر ڈاکا پڑتا نظر آرہا ہے، سول ایوی ایشن کا مرکزی دفتر اسلام آباد منتقلی کا مقصد کمیشن کمانا ہے ، گھبرانے کی ضرورت نہیں، ان کی ٹانگیں ابھی ہی سے ڈگمگا رہی ہیں، ہمنے اسی بجٹ میں ملک چلا کر دکھایا اور پیپلزپارٹی کو عوام کی فکر تھی اسی لیے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھائیں ، سندھی میں اس لیے نہیں بولتا سننے والے سمجھتے نہیں ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پرجوش اور ینگ مین ہیں لیکن کنجوس ہیں پیسے دینے میں بینکر ہیں اور بینکر سے جب پیسہ مانگو تو کہتا ہے کہ میرے پاس پیسہ نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈو آدم میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر امام الدین شوقین کی جانب سے پاپولر فام ہاؤس پر منعقدہ ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آصف علی زرداری نے کہاکہ اٹھارہویں ترمیم پر ڈاکا پڑتا نظر آرہا ہے مگر ہم اپنے حق کے لیے لڑیں گے، اب کوئی نیا بنگلا دیش بننے نہیں دیں گے، گھبرانے کی ضرورت نہیں، ان کی ٹانگیں ابھی سے ہی ڈگمگا رہی ہیں۔سابق صدر آصف زرداری نے نجی میڈیکل کالج کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سینیٹر امام الدین شوقین کی جانب سے آصف زرداری کو اونٹنیوں کا تحفہ دیا گیا۔میڈیکل کالج کے افتتاح کے بعد جلسے سے خطاب میں آصف علی زردای نے کہا کہ ہمیں اپنے حق کے لیے لڑنے سے کوئی نہیں روک سکتا، بلوچستان، پنجاب، کے پی اور سندھ ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اسی بجٹ میں ملک چلایا تھا، پیپلز پارٹی کو عوام کی فکر تھی اسی لیے آتے ہی سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھادی تھیں، سندھی میں اس لیے نہیں بولتا کہ سننے والے نہیں سمجھتے۔آصف زرداری نے کہا کہ ہماری ان سے جنگ پاکستان کے وسائل کے لیے ہے، الیکشن سے پہلے کہا تھا کہ یہ ڈھونگ اٹھارویں ترمیم کیلیے کیا جارہا ہے، اب سول ایوی ایشن کا کنٹرول بھی اسلام آباد منتقل کیا جارہا ہے تاکہ کمیشن کمایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں نے بنایا، مذاکرات کے ذریعے پاکستان حاصل کیا گیا، اب کوئی نیا بنگلا دیش نہیں بننے دیں گے۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا،سینیٹر اسلام الدین شیخ ، ایم این اے نعمان اسلام شیخ ، ملک ذوالفقار روشن ، زبیر امام، ایم این اے شازیہ مری، ایم این اے نوید ڈیرو، صوبائی وزرا فراز ڈیرو، ناصر حسین شاہ ، امتیاز شیخ، ایم پی اے جام مدد علی ، شاہد تھیم ،چیئرمین میونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم مسرور احسن غوری، گرین سٹی کے ایم ڈی حاجی قطب الدین ،عاجز دھامرہ، ضیا لنجار ملک عارف، ملک کریم الدین بھی موجود تھے ۔
آصف زرداری