برطانوی حکومت کا تعلیم کے شعبہ میں تعاون لائق تحسین ہے ۔ گورنر سندھ

21

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے ، اس لئے اس شہر میں ہونے والی کوئی بھی معاشی سرگرمی پورے ملک کی اقتصادی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کرتی ہے ، 

ملک کے ریوینیو میں ایک نمایاں حصہ رکھنے والا شہر قائد ایک مرتبہ پھر معاشی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کا مرکز بنتا جارہا ہے جس سے دنیا بھر کے سرمایہ کار فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔ ان خیالات کااظہارا نہوں نے برطانوی ہائی کمشنر Thomas Drew CMG سے ملاقات کے دوران کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اقتصادی شعبہ میں پاک برطانیہ تعاون میں ہر گذرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک برطانیہ اقتصادی تعاون اب دو طرفہ ہوچکا ہے کیونکہ کئی پاکستانی کمپنیوں اور تجارتی اداروں نے برطانیہ میں اپنے مراکز قائم کئے ہیں اور برطانیہ کوکئی پاکستانی مصنوعات برآمد کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ سندھ میں برطانوی حکومت کے تعاون سے کئی منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے اور خصوصاً تعلیم کے شعبہ میں یہ تعاون لائق تحسین ہے ۔ 

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام کے مابین نہایت قریبی تعلق ہے پاکستانی نژاد شہری برطانیہ کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں سیاست ، تجارت اور کھیل کے شعبوں میں پاکستانیوں کی خدمات نہایت نمایاں ہیں جسے برطانیہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔