پی ایس ایل کا انعقاد ، کمشنر کراچی کی زیر صدارت جائزہ اجلاس منعقد

29

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی انتظامیہ کے تعاون سے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ میچز کے انعقاد کاانتظامات شروع کر دئے گئے ہیں۔ کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں پاکستان سپر لیگ مقابلوں کے انتظاما ت کا جائزہ لیا گیا ،فیصلہ کیا گیا کہ میچز میں فول پروف سیکورٹی کو یقنی بنایا جائے گا ۔

متعلقہ اداروں نے کمشنر کراچی کو سیکورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی ،جبکہ پاکستان کر کٹ بورڈ کے نمائندے نیشنل اسٹیڈیم کے جنر ل مینجر ارشد خان نے کمشنر کراچی کو پی ایس ایل میچز کے پروگرام سے آگاہ کیا ۔

کمشنر کراچی نے کراچی کو دی کرکٹ سٹی کا ٹائٹل دیا، انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل میچز کی پبلسٹی مہم میں ‘کراچی دی کرکٹ سٹی ٹائٹل استعمال کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ کراچی میں پی ایس ایل کا انعقاد کراچی کیلئے اعزاز ہے اس سے کراچی میں کرکٹ کے فروغ میں مدد ملے گی کراچی کے شہری کر کٹ کے زبر دست دلدادہ ہیں وہ اپنے کرکٹ کے ہیروز کا استقبال کر نے اور انھیں ایکشن میں دیکھنے کیلئے بے چین ہیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جو لوگ نیشنل اسٹیڈیم نہیں جاسکیں گے ان کے لئے مختلف پارکس میں لائیو میچز دیکھنے کے انتظامات کئے جائیں گے ۔ اجلاس میں سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد کی جانب سے ایک نجی آرگنائز ر کی حیثیت سے کراچی کے مختلف پارکس میں پی ایس ایل میچز کی لائیو اسٹریمنگ کے انعقاد کی پیشکش پر غور کیا گیا ۔ فیصلہ کیا گیا کہ پارکوں میں لائیو میچز کے انتظامات سے متعلق پیشکش کے بارے مین متعلقہ ڈپٹی کمشنر ز جائزہ لیں گے اور ضروری اقدامات کریں گے ۔

کراچی کے دس سے زیادہ پارکوں اور مقامات پر لائیو میچز دیکھنے کے لئے بڑی اسکرین نصب کی جائیں گی،جہاں کھانے پینے کی اشیا کے اسٹالز بھی لگائین جائیں گے ۔میچ دیکھنے کے خواہشمند افراد کے لئے واٹس اپ کے ذریعے رجسٹریشن کرانا ضروری ہوگا ۔ لائیو اسٹریمنگ کے موقع پر اجازت کو سیفٹی اور پر امن ماحول کو یقینی بنانے کے لئے مختلف پابندیوں سے مشروط کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ لائیو اسٹریمنگ فلوٹس کے انتظامات بھی غور کیا جا رہا ہے، اجلاس میں پاکستان کر کٹ بورڈ کے نمائندے نیشنل اسٹیڈیم کے جنر ل مینجر ارشد خان، ڈپٹی کمشنر جنوبی صلاح الدین احمد، ڈپٹی کمشنر شرقی علی احمدصدیقی اسسٹنٹ کمشنر ہیْدکوارٹر ز کمشنر کراچی آصف رضا، پاکستان رینجرز، پولیس، ٹریفک پولیس سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شر کت کی۔

ڈپٹی کمشنرشرقی علی احمد صدیقی نے اسٹیڈیم پر صفائی اورشہری سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ اجلاس میں پاکستان سپر لیگ کے انعقاد کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ،

کمشنر نے کہا کہ کراچی میں پاکستان سپر لیگ کا انعقاد انتہائی اہم ہے ، کراچی انتظامیہ پی ایس ایل کے کامیابی سے انعقاد میں اپنا بھر پور کردار اد کرے گی ۔ اس موقع پرمیچز کو کامیاب بنانے کے لئے ہر ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے،کمشنر نے کہا کہ متعلقہ ادارے اس سلسلہ میں ترجیحی اقدامات کریں کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ اسٹیڈیم میں پانی سمیت دیگر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریں۔