بیرونی سرمایہ کاری کے بغیر معاشی اہداف حاصل نہیں کرسکتے ،اسد عمر

51

لاہور (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ بیرونی سرمایہ کاری کے بغیر معاشی اہداف حاصل نہیں کرسکتے۔ ان کے بقول ابھی کام شروع کیا ہے بہت کچھ کرنا باقی ہے، سابق حکومت مسائل کا پہاڑ چھوڑ کر گئی۔پیر کو لاہور چیمبر آف کامرس انڈسٹری میں تاجروں سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمرنے کہا کہ آئی ایم ایف اپنے مطالبات سے نیچے آگیا ہے ، قرض لینے کے معاملات آخری مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ این ایف سی کی پہلی میٹنگ جلد کر رہے ہیں، ٹیکس نظام کی بہتری کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں ،اداروں کی نجکاری کے لیے ہوم ورک کر رہے ہیں، پہلی ترجیح اداروں کی اصلاح ہے۔وزیرخزانہ نے یہ بھی کہا کہ حالیہ اصلاحاتی پیکیج ابتدا ہے عوام کو مزید ریلیف دیں گے ،بانڈز لے کر آرہے ہیں۔ قبل ازیں اسد عمرلاہور چیمبرآف کامرس پہنچے تو تاجروں نے شکایات کے انبار لگادیے ۔ اس موقع پر انہوں نے ویمن انڈسٹریل زونز بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔