بھارت کیساتھ اسٹریٹجک توازن برقرار رکھا جائے گا ‘جنر ل زبیر حیات 

28

اسلام آباد (آن لائن) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات کا کہنا ہے کہ ملک کی دفاعی صلاحیت کویقینی بنانے کے ساتھ ساتھ بھارت کے ساتھ اسٹریٹجک توازن بحال کیا جائے گا۔سینٹر فار انٹرنیشنل اسٹریٹجک اسٹڈیز ( سی آئی ایس ایس) میں کتاب ’ شیکنگ ہینڈز ود کلینچڈ فسٹس کی تقریب رونمائی میں زبیر حیات نے کہا کہ ’ ہم نے پاکستان کے اسٹریٹجک توازن اور اس کی دفاعی صلاحیت کو برقرار رکھا ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ اسے مزید پائیدار بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرتے رہیں گے۔‘مذکورہ کتاب ’ شیکنگ ہینڈز ود کلینچڈ فسٹس ‘ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی ڈاکٹر اسما شیخ نے لکھی
ہے۔جنرل زبیر حیات کا بیان بھارت کی جوہری آبدوز آئی این ایس اری ہانت اور روس سے ایس۔400 میزائل کے معاہدے کے بعد سامنے آیا ہے۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے کہا کہ بھارتی آبدوز کی مزاحمتی پیٹرولنگ سے ظاہر ہوتا ہے کہ نئی دہلی خطے کو غیرمستحکم کرنے کے لیے نئے آلات متعارف کروانے کی پرانی روایت برقرار رکھے ہوئے ہیں۔تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستان ان چیزوں کو خاطر میں نہیں لاتا ’ یہ ہمارے لیے حیران کن نہیں اور نہ ہی ہمیں اس سے کوئی خوف ہے‘۔بھارت میں ان تبدیلیوں سے متعلق پاکستانی رد عمل پر انہوں نے کہا کہ رد عمل خطے میں امن اور استحکام کی فضا برقرار رکھنے کے طور پر دیا جائے گا۔جنرل زبیر کا کہنا تھا کہ عالمی قوتیں بھارت کی فوجی ترقی اور اسے جدید ٹیکنالوجی تک غیر معمولی رسائی فراہم کرکے اس کی مدد کررہی ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مذکورہ اقدامات خطے کا استحکام پراثر انداز ہونگے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ