اراضی قبضہ کیس‘ ملک ریاض و دیگرکی عبوری ضمانت میں توسیع

59

راولپنڈی (صباح نیوز) راولپنڈی کی انسداد بدعنوانی کی عدالت نے جنگلات کی 1170 کینال اراضی پر قبضے سے متعلق کیس میں بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض سمیت9 دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔ واضح رہے کہ ملک ریاض اور دیگر کے خلاف ایف آئی آردرج ہونے کے بعد راولپنڈی کی عدالت نے23 اکتوبر کو ان کی عبوری ضمانت منظور کی تھی۔ عبوری ضمانت کی مدت ختم ہونے کے بعد ابتدائی طور پر دیگر ملزمان اور بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض عدالت میں پیش ہوئے لیکن جج مشتاق احمد تارڑ کی رخصت کے باعث سماعت24نومبر تک ملتوی کردی گئی۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ تھانہ اینٹی کرپشن سرکل راولپنڈی میں جے آئی ٹی کی سفارشات پر ملک ریاض اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔اس مقدمے میں دھوکا دہی، سرکاری ریکارڈ میں تبدیلی، مجرمانہ غفلت اور جعل سازی کی دفعات شامل کی گئیں تھیں۔مقدمے میں محکمہ جنگلات کے حکام، ریونیو افسران سمیت سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے چیف سیکرٹری جی ایم سکندر کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں بحریہ ٹاون کو جنگلات کی زمین پر قبضے کا ذمے دار قرار دیا تھا اور مری میں جنگلات اور شانگلات کی زمین پر تعمیرات غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مری میں ہاسنگ سوسائٹیز میں مزید تعمیرات کو فوری طور پر روکنے کا حکم دیا تھا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ