اہم خبریں

119

جعلی ڈگری کا معاملہ ‘عدالت عظمیٰ نے ڈی جی نیب لاہورکا کیس ڈی لسٹ کر دیا
اسلام آباد(آن لائن)ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم جعلی ڈگری کا معاملہ،عدالت عظمیٰ نے ڈی جی نیب لاہور جعلی ڈگری کیس ڈی لسٹ کر دیا۔عدالت عظمیٰ کی طرف سے جاری کیا گیا نوٹس بھی واپس لے لیا گیا ہے ۔واضح رہے چیف جسٹس نے گزشتہ روز ہی میڈیا میں اس بابت رپورٹس نشرہونے پر معاملہ کو نوٹس لیتے ہوئے شہزاد سلیم کی جعلی ڈگری کا معاملہ 12 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کیا تھا۔

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں ایک ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئیں
اسلام آباد(صباح نیوز)عالمی منڈی میں ہر طرح کے خام تیل کی قیمتیں تیزی سے کم ہو رہی ہیں مگر پاکستان میں اب بھی پیٹرول مہنگے داموں فروخت ہو رہا ہے،عالمی منڈی میں اکتوبر کے وسط میں 86ڈالر فی بیرل تھی اور اب کم ہو کر 69.88ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔

پنجاب کی2 سینیٹ نشستوں کیلیے پی ٹی آئی اورن لیگ کے ارکان سے رابطے
لاہور (صباح نیوز) 15 نومبر کو پنجاب کی 2 سینیٹ نشستوں کے لیے ہونے والے انتخاب کے سلسلے میں تحریک انصاف اورن لیگ نے ارکان سے رابطے تیز کر دیے ہیں۔ پنجاب حکومت نے وزار کو ارکان اسمبلی سے رابطوں کا ٹاسک دے دیا ہے۔ پنجاب کے وزرا (ن) لیگ کے ووٹ حاصل کرنے کے لیے جوڑ توڑ میں مصروف ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق 15 نومبرکو پنجاب سے سینیٹ کی 2 نشستوں پر انتخاب ہوگا۔ ایک جنرل نشست اور دوسری خواتین کی مخصوص نشست پر انتخاب ہو گا۔عدالت عظمیٰ کی جانب سے (ن) لیگی سینیٹروں ہارون اختر خان اور بیرسٹر سعدیہ عباسی کی نااہلی کے بعد نشستیں خالی ہوئی تھیں۔ دونوں سینیٹرز کو دہری شہریت کی بنا پر نااہل کیا گیا تھا۔ تحریک انصاف کے صوبائی وزرا، وزیر اعلیٰ پنجاب اور گورنر پنجاب بھی جوڑ توڑ میں آ گئے ہیں اور (ن) لیگی ارکان سے رابطوں کی بھی اطلاعات ہیں۔ بیرسٹر ولید اقبال اور سیمی ایزدی تحریک انصاف کی جانب سے انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ (ن) لیگ کی جانب سے چودھری سعود مجید اور سائرہ افضل تارڑ امیدوار ہیں۔

مدینہ منورہ ہیروئن اسمگلنگ کی کوشش کرنیوالی 2 خواتین گرفتار
اسلام آباد (آن لائن)اسلام آباد ایئر پورٹ پر اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) نے کاروائی کرتے ہوئے اسلام آباد سے مدینہ منورہ ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش کرنے والی 2 خواتین کو گرفتار کر لیا ہے ۔خواتین نے ہیر وئن بھر ے کیپسول نگل رکھے تھے ۔

گرفتاری کا خوف، سابق چیف ایگزیکٹو قائداعظم سولر پاور کی ضمانت کی درخواست
لاہور (آن لائن) سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر قائداعظم سولر پاور پلانٹ نجم شاہ نے گرفتاری کے خوف سے لاہور ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کردی، نیب لاہور نے قائداعظم سولر پاور پلانٹ میں مبینہ کرپشن سے متعلق انکوائری شروع کررکھی ہے،،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نیب کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے لہذا درخواست ضمانت منظور کی جائے لاہور ہائی کورٹ کا 2 رکنی بنچ نجم شاہ کی درخواست پر سماعت کرے گا۔

پاکستان اور چین ایشیا کی تقدیر بدل سکتے ہیں، صادق سنجرانی
اسلام آباد (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ کہ پاکستان اور چین خطے کی ترقی و خوشحالی کیلیے ایک جیسا نقطہ نظر رکھتے ہیں اور دونوں ممالک ایشیا کی تقدیر کو بدل سکتے ہیں۔ چین کی نیشنل پیپلز کانگرس کی قائمہ کمیٹی کے وائس چیئرمین ژانگ چنژان کی سربراہی میں پاکستان کا دورہ کرنے والے وفد سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہوگئے ہیں اور دونوں ملک ترقی کے مشترکہ وژن میں شراکت دار ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے وفد کے سربراہ کو چین میں ہونے والی پہلی عالمی امپورٹ ایکسپو پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ ایکسپو پاکستان کیلیے انتہائی اہم تھی کیونکہ وزیراعظم عمران خان بھی اس میں شریک ہوئے اور اعلیٰ سطح پر اہم امور پر تبادلہ خیال کا موقع ملا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ