سہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے مسائل کا حل نکالا جائے گا‘سعید غنی

60

کراچی (اسٹا ف رپو رٹر)وزیر بلدیات و کچی آبادی سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تمام مسائل کا حل نکالا جائے گا لیکن ضروری ہے کہ اتھارٹی کے افسران اور ملازم بھی اس اتھارٹی کو مستحکم کرنے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ سہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کے حوالے سے ہفتے کو ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں اس باڈی کو مکمل کرکے جلد ہی اس کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔ اتھارٹی اپنے جاری اسکیموں کو جلد سے جلد مکمل کرنے پر توجہ دے اور اس کے لیے درکار فنڈز پر میں وزیر اعلیٰ سندھ سے بات کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اپنی دفتر میں سہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر منیر احمد سومرو اور ڈپٹی ڈائریکٹر رحمت اللہ لاشاری سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کے کوآڈینیٹر محمد خان ابڑو اور دیگر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں اتھارٹی کے پی ڈی منیر احمد سومرو اور رحمت اللہ لاشاری نے صوبائی وزیر کو اتھارٹی کو درپیش مسائل بالخصوص فنڈز کی عدم دستیابی کے بارے میں آگاہ کیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ