نیب کو سیاست کنٹرول کرنے کیلیے استعمال کیا جارہاہے‘شاہد خاقان

69

اسلام آباد (آن لائن )ن لیگی رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نیب کو سیاست کنٹرول کرنے کے لیے استعمال کیا جارہاہے، بات بڑی سیدھی ہے کہ اگر آپ بولو گے تو نیب کا کیس بن جائے گا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں لیگی رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نیب کے ڈی جی لاہور سلیم شہزاد کے حالیہ بیان پر ردعمل میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو کام بدترین آمریت میں نہیں ہوئے وہ پی ٹی آئی حکومت میں ہورہے ہیں ،نیب حکومتی جماعت بن چکا ہے جو حکومت کے ساتھ مل کرہمیں انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے ،نیب کاقانون کالا اور اندھا ہے جو ملک کے مفاد میں نہیں، یہ ملکی سیاست کو تباہ کر رہے ہیں،نیب کا قانون سب کی مشاورت سے تبدیل کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی نیب لاہور نے ایک ٹی وی پروگرام میں انٹرویوکے دوران ہمارے خلاف مقدمات پر گفتگو کی تھی۔ہم نے خود کو احتساب کے لیے پیش کردیا ہے اور ڈی جی نیب کی گفتگو کے بعد پورے پاکستان نے دیکھ لیا ہے، کیا ایک حکومتی عہدیدار کو اختیار ہے کہ وہ اس طرح آکر الزامات لگائیں۔ نیب کے ڈی جی نے جو بیان دیا اس میں کوئی حقیقت نہیں۔ نیب کے ڈی جی بھی وزیر اعظم اور وفاقی وزراکی باتیں دہرارہے ہیں۔ صرف ن لیگ کوانتقام کا نشانہ بناکر مفروضات کی بنا پر الزامات لگائے جارہیں۔اب تو ڈی جی نیب کی ڈگری کی خبریں بھی چل رہی ہیں، اگر ڈی جی نیب کی ڈگری جعلی ہے تو ان کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے میڈیا ٹرائل شروع کردیا ہے،یہ انصاف کے بنیادی تقاضوں کے خلاف ہے، یہ قانون ایک آمر نے بنایا تھا، جسے ختم ہونا چاہیے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ