اسلام کے پیغام محبت کو عام کرنا وقت کی ضرورت ہے، صدر مملکت

46

ملتان (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ اسلام کے پیغام محبت کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، معاشرے میں نفرتوں اور تعصبات کی بجائے رواداری، برداشت اور عفو و درگزر کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ جمعرات کو یہاں بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں عالمی صوفی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ اسلام محبت کا پیغام دیتا ہے، محبت کے ذریعے دلوں کو جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوفیاء کرام نے بھی محبت کے ذریعے لوگوں کو جوڑا اور محبت کے ذریعے ہی اسلام کا پیغام پھیلایا۔ انہوں نے کہا کہ عقیدتوں کے اسی طریقہ کار کو رائج کرنے کی ضرورت ہے۔ رواداری، برداشت، مذہبی ہم آہنگی کا ماحول اسی صورت میں پروان چڑھتا ہے جب ہم محبت کے ذریعے لوگوں کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہاکہ نیا پاکستان وہ ہے جو تعصبات سے بالاتر ہو کر ہمیں بلندیوں کی طرف لے جائے گا، ایک ایسا پاکستان جہاں لوگوں کو ان کا حق ملے گا، انصاف ملے گا، غریب کو روزگار ملے گا، رہنے کے لیے گھر ملیں گے اور تعلیم اور صحت کی سہولیات انہیں فراہم کی جائیں گی۔ عارف علوی نے کہا کہ جن چیزوں کا حکم نبی کریمؐ نے دیا ہے اورجو احکامات قرآن پاک میں دیے گئے ہیں ان پر عمل کریں گے تو پاکستان کی ترقی کوئی نہیں روک سکے گا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.