تحریک کشمیر تمام یورپی ممالک میں ہفتہ یکجہتی شہدا جموں منائے گی

36

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے اعلان کیا ہے کہ تحریک کشمیر تمام یورپی ممالک میں ہفتہ یکجہتی شہداء جموں منائے گی،اس موقع پر جموں اور وادی میں ہونے والے مظالم کو اجاگر کیا جائے گا۔ یورپ کے تمام پارلیمنٹ پریس کلبز ،انسانی حقوق کی تنظیموں اہل دانش سے ملاقاتیں کر کے ان کو کشمیرکے بارے میں مظالم سے آگاہ کیا جائے گا۔ اس مہم کے دوران شہداء کانفرنسز،سیمینارز اور دیگر پروگرامات کیے جائیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پرتگال میں شہداء جموں کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان کے قائمقام سفیر فیاض احمد اور دیگر قائدین نے خطاب کیا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور دنیا کے تمام فورمز میں کشمیریوں کے جائز حق ،حق خودادیت کے حوالے سے آواز بلند کرے گا، جموں کے پانچ لاکھ مسلمانوں کو ڈوگرا اور بھارتی افواج نے 6 نومبر 1947ء کو اس لیے بے دردی سے قتل کیاتھا کہ ان کا صرف ایک جرم تھا کہ وہ پا کستان سے محبت کرتے تھے۔ عالمی دنیا ایک خاموش تماشائی بنی ہوہی ہے کہ بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیریوں کا قتل عام نظر نہیں آ رہا ہے۔ اقوام متحدہ بھی کشمیرکے حوالے سے پاس کی ہوئی اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کروانے میں ناکام ہو چکی ہے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو بھارتی مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔ صدر محفل محبوب احمد صدر تحریک کشمیر پرتگال نے کہا کہ پرتگال کی ممبرز آف پارلیمنٹ کے سامنے کشمیر ایشو کو اٹھائیں گے اور بھارت کے ظالمانہ چہرے کو بے نقاب کریں گے۔چندہ ماہ پہلے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل نے کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے جو رپورٹ شائع کی ہے اور ایک انکوائری کمیشن کو کشمیر کے دونوں اطراف جانے کو کہا اور بھارت نے اقوام متحدہ کے انکوائری کمیشن کو جانے کی اجازت نہیں دی۔ اس سے بھارت کی بوکھلاٹ کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔اقوام متحدہ کی رپورٹ اور انکوائری کمیشن کا بھارتی مقبوضہ کشمیر میں جانے کا مطالبہ مظلوم کشمیریوں کے لیے حوصلے کا پیغام ہے۔ محبوب احمد صدر تحریک کشمیر پرتگال نے مزید کہا کشمیر میں بھارتی افواج شکست کھا چکی ہیں اور بھارت کشمیر کو زیادہ دیر تک غلام نہیں بنا سکتا ہے۔اس موقع پررب نواز خان، سید خالد عباس ،قاری امجد، غضنفر جاوید طارق سعید حافظ غلام دستگیر اظہر اقبال اور چیف آرگنائزر عرفان بٹ سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔
جماعت اسلامی راولپنڈی کا ضلعی شوری کااجلاس 11نومبرکوہوگا،ضلعی ترجمان
راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی انعام الحق اعوان کے مطابق نومنتخب امیرضلع راجہ محمد جواد نے ضلعی مجلس شوریٰ کااہم اجلاس 11نومبربروزاتوارضلعی سیکرٹریٹ میں طلب کرلیا ہے۔ترجمان کے مطابق اجلاس میں امیرضلع مشاورت کے بعدضلعی جنرل سیکرٹری ،نائب امرا سمیت دیگر ذمے داران کا تقررکریں گے،اجلاس میں ’’تحریک حرمت رسولﷺ مہم اورربیع الاول کے حوالے سے پلاننگ سمیت دیگراہم ایشوزبھی زیر غور آئیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ