نیشنل بینک نے دوسرا چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا 

83
لاہور:دوسرا آل پاکستان چیف آف نیول اسٹاف ہاکی ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کا وائس چیف آف نیول اسٹاف کلیم شوکت کے ہمراہ گروپ فوٹو
لاہور:دوسرا آل پاکستان چیف آف نیول اسٹاف ہاکی ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کا وائس چیف آف نیول اسٹاف کلیم شوکت کے ہمراہ گروپ فوٹو

لاہور(جسارت نیوز )نیشنل بینک نے دوسرا چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستا ن ہاکی ٹورنامنٹ2018 جیت لیا۔نیشنل ہاکی ا سٹیڈیم میں شیڈول قومی ایونٹ کے فائنل میں واپڈا کو سڈن ڈیتھ گول پر شکست کا سامنا رہا۔چیف آف نیول اسٹاف ہاکی چیمپئن شپ کا فائنل مقررہ وقت پر4,4 گول سے برابر رہا، نیشنل بینک کی طرف سے بلال قادر، دلبر، ابوبکر اور عماد شکیل بٹ جبکہ واپڈا کی طرف سے عرفان جونیئر، علیم بلال، اعجاز اور شجیع احمد نے گول کئے۔ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر بھی 4۔4 گول سے برابر رہا۔نیشنل بینک کی طرف سے سڈن ڈیتھ گول عماد شکیل بٹ نے کیا۔دوسرے چیف آف دی نیول ا سٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ 2018کا انعقاد یکم تا 7اکتوبر نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں ہوا۔ٹائٹل جیتنے کے لیے8 ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا جن میں واپڈا، نیشنل بینک، سوئی نادرن گیس ،سوئی سدرن گیس ،پاک بحریہ،پاک فضائیہ ،پنجاب پولیس اور پورٹ قاسم کی ٹیمیں شامل تھیں۔ٹورنامنٹ کا فائنل نیشنل بینک کی ٹیم اورواپڈاکی ٹیم کے درمیان کھیلا گیا۔سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیشنل بینککی ٹیم نے فائنل میں کامیابی حاصل کی واپڈانے دوسری جبکہ سوئی نادرن گیس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چیف آف نیول اسٹاف،وائس ایڈمرل کلیم شوکت تھے جنہوں نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور میڈلزتقسیم کیے۔پہلی،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو بالترتیب5لاکھ،3لاکھ اور2لاکھ کے نقد انعامات سے بھی نوازا گیا پاکستان نیوی کے راشد محمود ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے انہیں 50,000 روپے نقد انعام دیا گیا واپڈا کے علیم بلال کو بہترین ا سکورر جبکہ سوئی نادرن گیس کے علی عمیر کو بہترین گول کیپر قرار دیا گیا اور 25,000 روپے نقد انعام کے مستحق قرار پائے۔مہمانِ خصوصی نے فاتح ٹیموں کو مبارک باد دی اور ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے میں پیٹرن پی این ہاکی (سنٹرل)، پنجاب اسپورٹس بورڈ،پاکستان ہاکی فیڈریشن اور اسپانسرز کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ ٹورنامنٹ پاکستانی عوا م کی قومی کھیل میں دلچسپی پیدا کرنے میں یقیناًاپنا کردار ادا کرے گا۔وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے کھیلوں کے فروغ میں میڈیا کے کردار بالخصوص چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ 2018کی وسیع کوریج کو سراہا۔ وائس چیف آف نیول ا سٹاف نے پاکستانی عوام اور نجی اداروں سے قومی کھیلوں کے احیاء کے سلسلے میں اقدامات کیلئے درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ ملک میں کھیلوں کے فروغ میں ہمیشہ کوشاں رہی ہے۔پاکستان ہاکی کے درخشاں ماضی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ہاکی کے شعبے میں کھوئے ہوئے وقار کو بحال کرنے کے ضمن میں پاک بحریہ پُر عزم ہے۔چنانچہ، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ مل کرپاک بحریہ نے قومی کھیل کے احیاء کیلئے قدم اُٹھایاہے۔یہ اپنی طرز کا دوسرا ٹورنامنٹ ہے جس کا سلسلہ آنے والے سال میں بھی جاری رہے گااور اُمید کی جاتی ہے کہ ٹورنامنٹ کے انعقاد کا یہ سلسلہ پاکستان میں ہاکی کے احیاء میں بھر پور کردار ادا کرے گا۔ٹورنامنٹ کے دوران ایک کثیر تعداد میں ہاکی کے مقبول کھلاڑیوں اور ا سکول، کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلباء نے شرکت کی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ