نیب کو خیبرپختونخوا میٹرو کے کھڈے نظر نہیں آتے،مریم اورنگزیب

38

لاہور (نمائندہ جسارت)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے شہبازشریف کو جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیے جانے کو ملکی تاریخ کا سیاہ ترین فیصلہ قرار دیدیا۔گزشتہ روز لاہور کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ترجمان پاکستان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا کہ احتساب عدالت کا شہباز شریف کو 10روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب حکام کے حوالے کرنا ملکی تاریخ کاسیاہ ترین فیصلہ ہے‘نیب کو خیبرپختونخوا میٹرو منصوبے میں کرپشن کی وجہ سے بننے والے کھڈے نظر نہیں آتے ،نیب کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ گزشتہ کچھ روز حکومتی وزراء کی گردان سن رہے ہیں کہ یہ تو ابھی پہلی گرفتاری ہے‘بتایا جائے حکومتی وزراء تڑیاں کس کو دے رہے ہیں،نیب اگر واقعی آزاد ہے تو فواد چودھری کیخلاف کارروائی کرے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جعلی مینڈیٹ کیساتھ عوام دشمن اقدامات میں مصروف عمل ہے،جو کہ زیادہ دیر چلتی ہوئی نظر نہیں آتی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ مذکورہ کیس پر پارلیمانی پارٹی سے مشاورت کریں گے اور پھر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ