عقیدہ ختم نبوت، مدارس اور مساجد پر کوئی حملہ آور نہیں ہو سکتا، طاہر اشرفی

33

اسلام آباد (میاں منیر احمد) پاکستان علما کونسل وطن عزیز کو مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست بنانے کیلیے کوشاں ہے، پاکستان علما کونسل کے کارکنوں نے انتہا پسندی، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف بھرپور جدوجہد کی ہے، پاکستان میں عقیدہ ختم نبوت سمیت مدارس اور مساجد پر کوئی حملہ آور نہیں ہو سکتا، عمران خان نے یقین دلایا ہے کہ مدارس، مساجد اور عقیدہ ختم نبوت کا مکمل تحفظ کیا جائے گا۔ یہ بات پاکستان علما کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پاکستان علما کونسل کی رکنیت سازی مہم کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے ملک بھر کے علما، ائمہ اور خطبا سے اپیل کی کہ وہ پاکستان علما کونسل کی رکنیت سازی مہم میں بھرپور طریقے سے شامل ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کا تحفظ ہر مسلمان کی ذمے داری ہے اور وزیر اعظم عمران خان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مساجد، مدارس اور عقیدہ ختم نبوت و ناموس رسالت کے متعلق قوانین کا مکمل تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علما کونسل ایک نظریاتی جماعت ہے جو پاکستان کو مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست بنانا چاہتی ہے جہاں بلا تفریق سب کو انصاف اور حقوق ملیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علما کونسل کی رکنیت سازی مہم پورے ملک میں شروع کر دی گئی ہے اور 15 ربیع الثانی کو صوبائی انتخابات کروائے جائیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ