کرنسی اسمگلنگ کیس: ماڈل ایان علی کے ناقابل ضمانت وارنٹ

56

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) کسٹم کی خصوصی عدالت نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل گرل ایان علی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر تے ہوئے کہا ہے کہ ملزمہ کوپیش کیا جائے، پرانے میڈیکل سرٹیفکیٹ پر اتنا عرصہ استثنا نہیں دیا جاسکتا۔ ہفتے کو کسٹم کی خصوصی عدالت میں ماڈل ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت ہوئی اور ملزمہ کی غیر حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ ایان علی کے وکیل نے عدالت میں جواب جمع کرایا کہ ملزمہ بیمار ہیں لہٰذا حاضری سے استثنا دیا جائے۔
عدالت نے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ نے میڈیکل سرٹیفیکیٹ پیش نہیں کیا، ملزمہ کو پیش کیا جائے، پرانے میڈیکل سرٹیفکیٹ پر اتنا عرصہ استثنا نہیں دیا جاسکتا۔ اس موقع پر کسٹم کے اسپیشل پراسیکیوٹر نے دلائل میں کہا کہ یہ لوگ ہمیشہ بہانے بنا کر عدالت کا وقت ضائع کرتے ہیں، ایان علی کو جان بوجھ کر پیش نہیں کیا جارہا، ملزمہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔ عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ