شہباز کی گرفتاری کیلیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے، پرویزخٹک 

45

نوشہرہ(اے پی پی) وفاقی وزیردفاع پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ قائد حزب اختلاف شہبا زشریف کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی سروکار نہیں‘ حکومت کے خلاف ایک غلط اورمنفی پروپیگنڈا چلایاجارہا ہے، نوازشریف اور شہباز کے خلاف ان کی اپنی حکومت میں مقدمات قائم ہوئے ہیں،نیب نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو گرفتار کرنے کے لیے سارے قانونی تقاضے پورے کیے،نیب ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے، اس پر کسی کا اثر و روسوخ نہیں ہے، وزیر اعظم عمران خان کی اب تک نیب چیئرمین سے صرف ایک ہی ملاقات ہوئی ہے اور وزیر اعظم عمران خان نے انہیں اپنی حکومت کی جانب سے بھر پور تعاون کا یقین دلایااور انہیں نیب کو مضبوط اور مستحکم کرنے کی پیش کش کی ہے، وزیر اعظم فوج سمیت تمام اداروں کی مضبوطی کے لیے کوشاں ہیں،سو دن کے پلان کے خلاف غلط اورمنفی پروپیگنڈا کرنے والو ں کو پتا نہیں کہ یہ پلان کیا ہے۔ وہ حکیم آباد اور خٹک باغ اکوڑہ خٹک میں شمولیت جلسوں سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ پرویز خان خٹک نے نئے شامل ہونے والوں کوپی ٹی آئی کی ٹوپیاں پہنائیں اوران کاپارٹی میں خیر مقدم کیا۔وزیر دفاع نے کہا کہ نیب نے باقاعدہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو شہباز شریف کی گرفتاری کے حوالے سے اطلاع دی ۔ ا سپیکر اسد قیصر سے جب میں نے پوچھا تو انہوں نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ نیب نے مجھے شہباز شریف کی گرفتاری کے حوالے سے اطلاع دی ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی گرفتار ی سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں جو لوگ حکومت پر اس حوالے سے الزام لگارہے ہیں وہ غلط من گھڑت ہیں، اگروہ بے گناہ ہو گا تو وہ بات بھی سامنے آجائے گی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ