وزارت داخلہ کا 18 انٹرنیشنل این جی اوز کو ملک چھوڑنے کا حکم

152

حکومت نے 18 بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں(این جی اوز)کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا،ملک بدری کا شکار ہونے والی این جی اوز میں امریکا، برطانیہ اور ہالینڈ کی تنظیمیں شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے 18 این جی اوز کو 60 روز میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے جب کہ 72 انٹرنیشنل این جی اوز پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ ملک بدری کا شکار ہونے والی 18 تنظیموں میں سے 9 کا تعلق امریکا، 3 کا برطانیہ اور دو کا ہالینڈ سے ہے جب کہ آئرلینڈ، ڈنمارک، اٹلی اور سوئٹزرلینڈ کی ایک ایک تنظیم بھی شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے 141 این جی اوز کو پاکستان میں کام جاری رکھنے کی اجازت دے دی ہے جن میں 66 غیر ملکی این جی اوز بھی شامل ہیں۔ 72 این جی اوز کے کاغذات کو نامکمل قرار دے کر انہیں کاغذات مکمل کرنے کیلئے مہلت دی گئی ہے۔

68 انٹرنیشنل این جی اوز نے پاکستان کے قواعد وضوابط تسلیم کرلیے ہیں جس کے تحت انہیں وزارت داخلہ کی آڈٹ فرمز سے سالانہ آڈٹ کرانا ہوگا۔ ان تنظیموں نے وزارت داخلہ کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کردیے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ