احتساب عدالت‘نواز شریف کیخلاف دائر العزیزیہ ریفرنس کی سماعت پیرکوہوگی

51

اسلام آباد (اے پی پی) احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف دائر العزیزیہ ریفرنس کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی ہے۔ آئندہ سماعت پر بھی وکیل صفائی خواجہ حارث تفتیشی افسر محبوب عالم پر جرح جاری رکھیں گے۔گزشتہ روز احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے سماعت کی۔ اس موقع پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے تفتیشی افسر کے بیان پر جرح کی۔ سماعت کے دوران خواجہ حارث نے ڈی جی نیب عرفان منگی کی احتساب عدالت کے ججز سے ملاقات کے معاملے کو اٹھاتے ہوئے کہا کہ میڈیا پر ڈی جی نیب عرفان منگی کی ججز کے ساتھ ملاقات کی خبر چلی، موجودہ صورتحال میں اس قسم کی صورتحال سے پرہیز کرنا چاہیے ۔ احتساب عدالت کے جج نے کہا عرفان منگی کو آفیشل معاملات کے لیے بلایا تھا، کیس سے متعلق بات چیت نہیں ہوئی، کیس کا صرف اتنا تذکرہ ہوا کہ پرسوں اس میں مصروفیت کے باعث ملاقات نہ ہوسکی۔ فاضل جج محمدارشد ملک نے کہاکہ نیب کیسز میں ملزمان کے ریمانڈ کے کچھ ایشوز تھے جس پر عرفان منگی کو کہا ایشوز حل کریں ورنہ آپ مشکل میں ہوں گے۔ احتساب عدالت کے جج نے کہا عرفان منگی کی ملاقات میڈیا کے لیے بڑی بات ہوگی لیکن ہمارے لیے نہیں۔دوران سماعت خواجہ حارث نے استغاثہ کے آخری گواہ تفتیشی افسر محبوب عالم پرتیسرے روز بھی جرح کی جس کے بعد سماعت پیر تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ خواجہ حارث نیب کے گواہ پر آئندہ سماعت پر بھی جرح جاری رکھیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ