ضمنی انتخاب سے قبل گرفتار ی مخالفین کی بوکھلاہٹ ہے‘شاہد خاقان 

38

لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے سابق وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی گرفتاری کیخلاف نیب کے دفتر کے باہر احتجاج کیا ، کارکن ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے ، غنڈہ گردی بند کرو، میاں تیرے جانثار بے شمار بے شمار ، شیر شیر کے نعرے لگاتے رہے۔ حلقہ این اے 124کی ضمنی انتخابی مہم میں مصروف کارکنوں نے بھی شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف نعرے لگائے ۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم و حلقہ این اے 124سے امیدوار شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم پر پہلے بھی الزامات لگائے گئے لیکن ہم خدا کے فضل سے بری ہوئے ۔ عام انتخابات سے قبل مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کو گرفتار کیا گیا اور اب جیسے ہی ضمنی انتخابات قریب آئے ہیں مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف کو گرفتار کر لیاگیا ہے ۔ ان گرفتاریوں سے بوکھلاہٹ واضح ہے ۔ ہم پہلے بھی پر امن رہے اور آئندہ بھی پر امن رہیں گے اور عدالتوں میں کیسز کا سامنا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جو بھی شخص ملک وقوم کی خدمت کرتا ہے اسے گرفتار کر لیا جاتا ہے اور عدالتوں میں گھسیٹا جاتا ہے اور یہ ملک کی بد قسمتی ہے ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ