وفاقی کابینہ میں مزید توسیع، 5 وفاقی وزرا،ایک وزیر مملکت نے حلف اٹھالیا

83

وفاقی کابینہ میں مزید 6 نئے وزرا نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھالیا، محمد میاں سومرو، فیصل واوڈا، اعظم سواتی، علی امین گنڈا پور اور صاحبزادہ محبوب سلطان نے وفاقی وزراء اور پی ٹی آئی کی خاتون رہنما زرتاج گل نے وزیر مملکت کا حلف اٹھایا۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کابینہ میں توسیع کے فیصلے کے بعد مزید 6 وزرا کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے جن میں 5 وفاقی وزیر اور ایک وزیر مملکت شامل ہیں۔نئے وزرا کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہوئی جہاں صدر مملکت عارف علوی نے ان سے حلف لیا۔

صدر مملکت عارف علوی نے پی ٹی آئی کی خاتون رہنما زرتاج گل سے وزیر مملکت کا حلف لیا جب کہ وفاقی وزرا کا حلف اٹھانے والوں میں محمد میاں سومرو، فیصل واوڈا، اعظم سواتی، علی امین گنڈا پور اور صاحبزادہ محبوب سلطان شامل ہیں۔محمد میاں سومرو کو پہلے وزیر مملکت کے طور پر کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم انہوں نے اس پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے حلف نہیں اٹھایا تھا اور کراچی واپس آگئے تھے۔

واضح رہے کہ کابینہ میں نئے وزرا اور وزیر مملکت کے اضافے کے بعد وفاقی کابینہ کے ارکان کی کل تعداد 30 ہوگئی ہے جن میں 24 وفاقی وزیر اور 6 وزیر مملکت شامل ہیں، اس کے علاوہ وزیراعظم نے 4 معاون خصوصی اور 4 مشیر بھی رکھے ہوئے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ