آشیانہ ہاؤسنگ کیس؛نیب نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو گرفتار کرلیا

175

قومی احتساب بیورو(نیب) لاہور نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو گرفتار کرلیا۔

نیب ترجمان کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کرلیا گیا ہے اور انہیں (کل) ہفتہ کو احتساب عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔ نیب ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف صاف پانی کمپنی اسکینڈل میں نیب کو بیان ریکارڈ کروانے گئے تھے اور صاف پانی کمپنی اسکینڈل میں انکا بیان بھی ریکارڈ کیا گیا۔

نیب ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی گرفتاری آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں من پسند کمپنی کو ٹھیکہ دینے کے نتیجے میں عمل میں لائی گئی ہے، شہبازشریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم کا ٹھیکہ ٹینڈر جیتنے والی کمپنی کے مالک پر دباؤ ڈال کر واپس لیا اور اپنی من پسند کمپنی کو یہ ٹھیکہ دیا، جس کی وجہ سے ناصرف منصوبے میں تاخیر ہوئی اور منصوبے کی لاگت بڑھ گئی بلکہ منصوبے کے اجراء میں بھی بے ضابطگی ہوئی۔

فواد حسن فواد اور دیگر افسران نے جس کمپنی پر دباؤ ڈال کر ٹھیکہ واپس لیا تھا اس کمپنی کے مالک نے نیب لاہور میں ایک درخواست دی جس پر نیب نے کاروائی کرتے ہوئے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں باضابطہ طور پر انکوائری شروع کی تھی، جب فواد حسن فواد کو اس اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا تو اس نے نیب کے سامنے ایک ہی موقف رکھا کہ جو کچھ بھی میں نے کیا وہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے حکم پر کیا۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف سے اس کیس میں پہلے بھی بیانات ریکارڈ کئے گئے لیکن اب کی بار شہباز شریف جب بیان ریکارڈ کروانے نیب کی تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے تو اس وقت انہیں بتایا گیا کہ آپ کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب نے شہباز شریف کی گرفتاری سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو آگاہ کر دیا ہے۔

دوسری جانب شہباز شریف نے مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کی خدمات حاصل کرلی ہیں جو (کل) ان کی طرف سے احتساب عدالت میں پیش ہوں گے۔

 

نیب کی جانب سے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی باضابطہ گرفتاری کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی سے رابطہ کیا اور اس کے بعد گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بھی شہباز شریف کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ