بھینسوں کی نیلامی کے سوا حکومت نے کیا کیا؟ حمزہ شہباز

45

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف باتیں کرنے والوں کا دنیا میں مذاق بن رہا ہے، بھینسوں کی نیلامی کے علاوہ اس حکومت نے کیا کیا ہے؟ مسلم لیگ (ن) صوبے میں حکومت کا نہیں سوچ رہی، یہ باتیں چھوڑیں، اپوزیشن کا مزہ لینے دیں۔ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن 2018 ء میں پاکستان کے عوام نے اپنا ووٹ شیر کو دیا لیکن جعلی مینڈیٹ والے اقتدار میں بیٹھ گئے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے رانا مشہود احمد کے گزشتہ روز کے موقف کو مسترد کر دیا ہے، جو کہ ان کا ذاتی موقف تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اسٹیبلشمنٹ سے کوئی ڈیل نہیں کی۔ اگر ڈیل کرنا ہوتی تو لندن میں ہی کر لیتے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ