رانا مشہود کے بیان میں صداقت نہیں‘ حقائق جلدمل جائیں گے‘پرویز الٰہی

75

لاہور (نمائندہ جسارت) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ رانا مشہود احمد کے بیان میں کوئی حقیقت نہیں، بیان پر توجہ دینے کی ضرورت نہیں۔ حقائق جلد منظر عام پر آجائیں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی آمدپر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ10 سال میں سابق حکمرانوں نے ماسوائے قبضہ کرنے اور اپنے مخالفین پر جھوٹی ایف آئی آر درج کرانے کے سوا کوئی کام نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ شہر میں قبضہ مافیا آج کا نہیں بلکہ گزشتہ 10سال سے اپنی
سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ جسے سابق حکمرانوں کی پشت پناہی حاصل تھی۔ منشا بم بھی انکا ہی پالا ہوا ہے، مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ کیونکہ ن لیگ اندر سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، رانا مشہود نے اسٹیبلشمنٹ سے متعلق بات کر کے پارٹی کے اندر ٹوٹ پھوٹ کو کور کرنے کی ناکام کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کو وزیر اعلیٰ پنجاب سے پتا نہیں کیا تکلیف ہے۔ ہمارا پی ٹی آئی اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے کیا گیا وعدہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج تمام خرابیوں کی جڑ شریف خاندان ہے اور قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کا کریڈٹ چیف جسٹس پاکستان کو جاتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سینیٹ کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کا نامزد امیدوار کامیاب ہو گا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ