مسلمانوں کو سلامتی کونسل میں ویٹو کا حق دلائیں گے‘ ترک سفیر

137

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) ا لخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اوردنیا بھر کی رفاہی تنظیموں کی نمائندہ تنظیم دی یونین آف این جی اوز آف دی اسلامک ورلڈ (یونیو)کے تعاون سے ’’یونین فور پِیس‘‘ کے عنوان کے تحت3 روزہ انٹرنیشنل یوتھ گیدرنگ ختم ہوگئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان میں تعینات ترک سفیر احسان مصطفی یرداکل اور امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق تھے جبکہ صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمد عبدالشکور، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ ، صدر ینگ یونیو سردار بیرام،سابق صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمن، ترک ائر لائن سے مسٹر حامد،سی ای او فٹنس پرومدثرعلی، پلس پاکستان سے کاشف حفیظ سمیت 15ممالک سے 60سے زائدجبکہ پاکستان سے سیکڑوں طلبہ و طالبات ،سیاسی و سماجی شخصیات، میڈیا نمائندگان، یوتھ سوسائٹیز سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادنے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک سفیر نے کہا کہ مسلم امہ کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایسی گیدرنگز سے دنیا بھر کے مسلمانوں کو ایک دوسرے کے مسائل سمجھنے میں مدد ملے گی۔ہماری کوشش ہے کہ مسلمانوں کو بھی سلامتی کونسل میں ویٹو کا حق ملے۔ سینیٹرسراج الحق نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم ساری انسانیت کو اللہ کا کنبہ سمجھتے ہیں اور پوری انسانیت کی خدمت کے لیے کمر بستہ ہیں۔ مسلمان نوجوان پوری دنیا کے لیے امن کے علمبردار ہیں۔ عبدالشکور نے اپنے خطاب میں کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار انسانیت کی خدمت کے مشن کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ