نندی پور اسکینڈل،راجا پرویز اشرف اور بابراعوان پر فرد جرم عائد کرنے کافیصلہ

139

اسلام آباد (صباح نیوز/ آن لائن) احتساب عدالت نے نندی پور ریفرنس میں سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف اور بابر اعوان پر فرد جرم عاید کرنے کیلیے 24 اکتوبر کو طلب کرلیا۔ ریفرنس میں راجا پرویز اشرف، بابر اعوان سمیت 8 ملزم نامزد ہیں۔ منگل کو احتساب عدالت میں نندی پور پاور پروجیکٹ ریفرنس کی سماعت ہوئی، جہاں تمام ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کر دی گئیں اور آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ ادھر سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے مستقل حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کر دی، راجا پرویز اشرف کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کر دیا گیا۔ دوسری جانب بابر
اعوان کی عدالت میں پیشی کے موقع پر ان کے ساتھ آئی ہوئی وکلا کی فوج کی وجہ سے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے کیس کی سماعت کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ جب تک وکلا کی فوج کمرہ عدالت سے باہر نہیں نکلے گی کیس کی سماعت نہیں ہوگی ۔ سماعت وکلا کے رش کی وجہ سے 2 گھنٹے تاخیر سے شروع ہوئی ۔ کورٹ روم نمبر 2 کے جج ارشد ملک نے بابر اعوان کو پیغام پہنچایا کہ جب تک وکلا کمرہ عدالت سے باہر نہیں جائیں گے کیس کی سماعت شروع نہیں ہو گی۔ اس صورت حال سے بچنے کے لیے بابر اعوان نے سپریم کورٹ بار میں ان کے لیے ریفرشمنٹ کا اہتمام کیا جس پر تمام وکلا وہاں چلے گئے اور پھر کیس کی سماعت شروع ہوئی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ