شہباز شریف ‘رانا ثناء کے بیان حلفی فراہم نہ کرنے پر پنجاب حکومت کو نوٹس 

74

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جوڈیشل انکوائری رپورٹ میں سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور سابق صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ سمیت دیگر کے بیان حلفی کی نقول فراہم نہ کرنے کیخلاف درخواست پر پنجاب حکومت اور ہوم سیکرٹری کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے عوامی تحریک کے جواد خامد کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق کے مطابق سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جوڈیشل انکوائری رپورٹ میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب سابق وزیر قانون اور دیگر کے بیان حلفی کی نقول فراہم نہیں کی جارہی اس مقصد کے لیے پنجاب حکومت سے بیان حلفی کی نقول کے لیے کئی بار رجوع کیا گیا لیکن یہ سب بے سود رہا۔درخواست گزار کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب نے بیان حلفی کی نقول فراہم کرنے سے معذرت کرتے ہوئے رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔ رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ نے بھی جوڈیشل انکوائری میں بیان حلفی کی نقول فراہم کرنے سے معذوری ظاہر کی اور بتایا کہ ان کے پاس بیان حلفی کی نقول نہیں ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جوڈیشل انکوائری رپورٹ میں شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ اور دیگر کے بیان حلفی کی نقول فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔ درخواست پر مزید کارروائی 9 اکتوبر ہو گی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ