کرکٹ ورلڈکپ 2019 کی ٹرافی آج پاکستان پہنچے گی

116

لاہور(جسارت نیوز) انگلینڈ میں شیڈول آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کی ٹرافی کے لاہور میں سفر کا شیڈول جاری کردیا گیا۔ورلڈ کپ کی ٹرافی آج دوپہر ڈیڑھ بجے شہر کے بس ٹور پر روانہ ہوگی، 2.45پر قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا کے سامنے پیش کی جائے گی،اگلے روز گورنمنٹ کالج یونیورسٹی اس کے بعد واہگہ بارڈر جائے گی،آخری منزل شوکت خانم اسپتال ہوگی۔بعد ازاں ٹرافی کو وفاقی دارلحکومت اسلام آباد پہنچایا جائے گا، وہاں تقریب میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کی شرکت کا بھی امکان ہے، 6 اکتوبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں عوام کیلیے پیش کی جائیگی، وہاں سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی پہنچایا جائے گا، کراچی میں 7 اور 8اکتوبر کو شائقین کی توجہ کا مرکز بنے گی۔
اعصام الحق قریشی جاپان اوپن ٹینس مینز ڈبلز پہلے راؤنڈ میں شکست کے بعد باہر
ٹوکیو (جسارت نیوز)ا سٹار پاکستانی کھلاڑی اعصام الحق قریشی جاپان اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز ڈبلز پہلے راؤنڈ میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ جاپان میں جاری ٹینس ایونٹ میں منگل کو کھیلے گئے مینز ڈبلز پہلے راؤنڈ میں پاکستانی اسٹار اعصام الحق قریشی اور انکے روسی جوڑی دار ڈینیئل کا مقابلہ روبن ہاس اور مٹوے مڈل کلوپ پر مشتمل ہالینڈ کی جوڑی سے تھا جس میں ہالینڈ کی جوڑی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ ہالینڈ کی جوڑی نے پاکستان کے اعصام اور انکے روسی جوڑی دار ڈینیئل کوا سٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔ انکی کامیابی کا اسکور 6-4 اور 6-3 تھا۔
قائداعظم فرسٹ کلاس کرکٹ ٹرافی کا پانچواں مرحلہ آج شروع ہوگا
کراچی(اسٹاف رپورٹر) قائداعظم فرسٹ کلاس کرکٹ کپ کا پانچواں مرحلہ آج سے شروع ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق گروپ اے کے میچوں میں لاہور وائٹ کا مقابلہ پشاور سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔ این بی پی اور ایس این جی پی ایل کی ٹیموں کے درمیان میچ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں ہوگا۔ فاٹا اور اسلام آباد کی ٹیموں کا ٹکراؤ ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں ہوگا جبکہ کے آر ایل اور ایچ بی ایل کی ٹیمیں کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں مدمقابل ہوں گی۔ گروپ بی کے میچوں میں کراچی وائٹ کا مقابلہ راولپنڈی سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔ واپڈا کا ٹکراؤ زیڈ ٹی بی ایل سے پنڈی اسٹیڈیم میں ہوگا۔ ملتان اور لاہور بلیوکی ٹیمیں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہونگی جبکہ ایس ایس جی سی ایل اور پی ٹی وی کی ٹیموں کا آمنا سامنا مرغزار گراؤنڈ میں ہوگا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ