تین روزہ پاکستان ٹریول مارٹ ایکسپو کا آغاز ہو گیا ہے۔

159

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تین روزہ پاکستان ٹریول مارٹ ایکسپو کا آغاز منگل کے روز سے کر دیا گیا ہے جو 2 سے 4 اکتوبر تک کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری رہے گا۔ نمائش کی افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر برائے سیاحت سید سردار علی شاہ، وزیر بلدیات سعید غنی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ قومی اور بین الاقوامی شخصیات نے شرکت کی ہیں۔

شرکاء نے پاکستان ٹریول مارٹ ایکسپو کوسیاحت کے فروغ کے لیے مثبت اقدام قرار دیا۔ اس موقع پر سید سردار علی شاہ کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد سندھ میں سیاحت کو فروغ ملا ہے، دہشت گردی سے سیاحت متاثر ہوئی تھی مگر اب صورت حال بہتر ہے، مزید کام کی گنجائش باقی ہے۔

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے نمائش میں قائم تمام اسٹالز کا دورہ کیا، بعد ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس بہترین قدرتی مقامات موجود ہیں جس کو دنیا دیکھنا چاہتی ہے سب کو مل کر پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے، 

اس طرح کی نمائش کی پاکستان کو اشد ضرورت ہے جو معیشت کو مضبوط کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ تین روزہ پاکستان ٹریول مارٹ ایکسپو میں جس طرح بین الاقوامی مندوبین کی شرکت یقینی بنی ہے اس طرح پاکستان کی بہتر عکاسی ممکن ہوسکے گی۔

پاکستان ٹریول مارٹ ایکسپو نمائش میں بڑی تعداد میں قومی اور بین الاقوامی ٹورزم بورڈز اور ان سے منسلک صنعتوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی حصہ لیا ۔دوران تقریب بین الاقوامی کانفرنسز کا بھی انتظام کیا گیا ہے جہاں پاکستان میں قائم ہوٹلز اور ائیر لائنز کے چیف ایگزیکٹیو افیسرز نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں قائم ہوٹلنگ اور ائیر لائنز کے بہتر نظام پر اظہار خیال کیا۔

اس موقع پر لینڈ مارک کمیونیکیشن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر علی ہمدانی کا کہنا تھا کہ اس نمائش کا مقصد پاکستان کا مثبت چہرہ پوری دنیا کے سامنے لانے کے ساتھ سیاحت کے فروغ اور معیشت کو مزید مستحکم کرنے کی طرف ایک کوشش ہے اس سال 200 سے زائد کمپنیوں کو مدعو کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں،

پاکستان ٹریول مارٹ ایکسپو نمائش میں چائنہ ،سعودی عرب ، تھائی لینڈ , ملیشیاء، سری لنکا، ترکی ، آذربائیجانی، یو اے ای، بنگلادیش، ویتنام، ایران، کویت، قطر، بحرین سمیت دیگر ممالک کے سفارت کار اپنے ٹورزم بورڈز اور ٹورزم کمپنیوں نے شرکت کی اور اس تقریب کو دیگر ممالک کے ساتھ بہتر سماجی و معاشی تعلقات قائم کرنے کے حوالے سے ایک سنگ میل قرار دیا۔

دوسری جانب عوام نے دل چسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑی تعداد میں نمائش میں شرکت کی۔

Print Friendly, PDF & Email