بھارت کا مقابلہ کرنے کے لیے ریلوے کو مضبوط کرنا ہوگا ، شیخ رشید، لاہور اور فیصل آباد کے درمیان نئی ٹرین کا آغاز

108
لاہور، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید لاہور فیصل آباد ایکسپریس کا افتتاح کررہے ہیں
لاہور، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید لاہور فیصل آباد ایکسپریس کا افتتاح کررہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان ریلوے کے زیر اہتمام لاہور اور فیصل آباد کے درمیان چلائی جانے والی نئی ٹرین کا باقاعدہ گزشتہ صبح سے آغاز ہوگیا ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے گزشتہ روز لاہور ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کا باقاعدہ افتتاح کیا اور صبح 8 بجے ٹرین کو فیصل آباد کیلیے روانہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان ریلوے کے چیئرمین جاوید انور بوبک، چیف ایگزیکٹو افسر ریلوے آفتاب اکبر سمیت ریلوے کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ بعد ازاں پاکستان
ریلوے کے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر بھارت کا مقابلہ کرنا ہے تو پاکستان ریلوے کو مضبوط بنانا ہوگا۔ ابتدائی 100 روز میں 10 ٹرینیں چلانے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے جسے پورا کریں گے اور مسافروں کی تعداد 5 کروڑ سے بڑھا کر 7 کروڑ تک لے جائیں گے اور فریٹ ٹرینوں کی تعداد کو بھی 8 سے بڑھا کر 12 کریں گے۔ لاہور ریلوے اسٹیشن پر لاہور۔فیصل آباد نان اسٹاپ ایکسپریس ٹرین کے افتتاح اور بعد ازاں ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے 15 انجنوں کے آئل ڈپو کے فوری آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے، اپنے اخراجات میں کمی اور منافع میں اضافہ کرنا ہمارا ہدف ہے، جسے پورا کریں گے۔ اکانومی کلاس کے کرایوں میں کمی کی جائیگی اور جو ایڈوانس ٹکٹ لے گا اسے سستا جبکہ بعد میں لینے والے کو مہنگا ملے گا، ہم ریلوے کو ترقی دے کر بھارت کو شکست دیں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ آئندہ 16 اکتوبر سے 2 مزید ٹرینیں موہنجو داڑو اور روہی ایکسپریس کا بھی افتتاح ہو جائیگا، اس کے علاوہ حیدر آباد اور کراچی سے بھی شٹل ٹرین چلانے کے بارے میں بھی سوچ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ خوشحال خان خٹک ایکسپریس کے اے ایم ای پشاور اور ڈپٹی سی ایم ای آف گیرج اینڈ ویگن کو معطل کر دیا گیا ہے ،جو ڈی ایس اپنی پٹری کی حالت پر توجہ نہیں دیگا اسے فارغ کر دیا جائیگا، پاکستان ریلوے میں غفلت برتنے پر کسی کو معاف نہیں کیا جائیگا ، انہوں نے کہا کہ جن سرکاری اور غیر سرکاری لوگوں کے پاس پاکستان ریلوے کے واجب الادا اربوں روپے ہیں انہیں واپس لیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ