لاہورہائیکورٹ: غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کورجسٹرڈکرنے کاحکم

99

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز کو ایل ڈی اے میں رجسٹرڈ کرنے کا حکم دیدیا ۔عدالت نے حکم دیا ہے کہ ایل ڈی اے کیجانب سے پنجاب بھر کی غیرقانونی قرار دی گئی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو ایک ماہ میں لیگل کیاجائے۔ ہاؤسنگ سوسائٹیز کو مسمار کرنے کے بجائے انہیں قانونی حیثیت دیں۔ تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز کو لیگل کرنے کیلیے چیف سیکرٹری پنجاب اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دیں۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے عدالت کو یقین دہانی کروائی کہ عدالتی حکم پر من و عن عمل ہوگا ۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے کہا کہ تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز کے مالکان سے ملکر قواعد ضوابط بنالیتے ہیں ۔ عدالت نے حکم دیا کہ فیصلے پر عمل درآمد سے متعلق ہر ہفتے رپورٹ پیش کریں ۔درخواست گزار کا موقف تھا کہ ایل ڈی اے نے متعدد ہاؤسنگ سوسائٹیز کو غیر قانونی قرار دیکر ان سے بنیادی سہولتیں چھین لی ہیں۔ ایل ڈی اے اگر بروقت ایکشن لیتا تو غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز بن ہی نہیں سکتیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ ایل ڈی اے قواعد و ضوابط پورا کرنے والی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو قانونی قرار دے ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ