حکومت ٹیکس پالیسی اور جمع کرنے کے نظام کو الگ الگ کر رہی ہے۔ اسد عمر

226

اسلام آباد میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کرنے کیلئے جگہ دی جائے۔شیخ عامر وحید

اسلام آباد : وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ ٹیکس نظام میں اصلاحات لانے کیلئے اور ٹیکس دہندگان کی سہولت کیلئے حکومت ٹیکس پالیسی اور ٹیکس جمع کرنے کے نظام کو الگ الگ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ٹیکس پالیسی بورڈ تشکیل دیا جائے گا جس میں تاجر برادری کو بھی نمائندگی دی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی نئی تعمیر شدہ ایکسپورٹ ڈسپلے سنٹر بلڈنگ کا افتتاح کرنے کے بعد تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد خطے کے قدرتی وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے اسلام آباد چیمبر وفاقی دارالخلافہ کیلئے ایک اکنامک ماسٹر پلان تشکیل دے کر حکومت کے ساتھ شیئر کرے تا کہ اس خطے میں پائے واجے والے قدرتی وسائل کو معیشت کی بہتر ترقی کیلئے استعمال میں لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ چیمبر اسلام آباد میں اسپیشل اکنامک زون کیلئے بھی اپنی شفارشات تیار کر کے حکومت کو دے کہ مذکورہ زون میں کون کون سی صنعتیں لگائی جائیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صنعت کیلئے ترقی کے عمدہ مواقع موجود ہیں کیونکہ اس خطے میں 27ہائر ایجوکیشن فراہم کرنے والے ادارے موجود ہیں جو آئی ٹی کے شعبے میں ہندمند اور تعلیم یافتہ نوجوان تیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اسلام آباد میں نئے انڈسٹریل زون کیلئے تاجر برادری کے ساتھ تعاون کرے گی۔
اسد عمر نے کہا کہ معیشت اس وقت بائی پاس کے دور سے گزر رہی ہے اور ہماری کوششوں سے معیشت جلد ہی بہتری کی طرف گامزن ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں پانی کی قلت کا مسئلہ حل کرنے کیلئے حکومت ایک منصوبے پر کام کر رہی ہے جس کے نتیجے میں وفاقی دارالخلافہ کو ایک کروڑ گیلن یومیہ پانی فراہم کیا جائے گا جس سے صنعتی شعبے کو بھی فائدہ ہو گا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ اسلام آباد میں ایک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کی اشد ضرورت ہے کیونکہ موجودہ صنعتی علاقوں میں مزیدنئی صنعتیں لگانے کی گنجائش نہیں ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت اس منصوبے کیلئے اسلام آباد میں مناسب جگہ فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروصنعتکار برادری کے 90فیصد مسائل سی ڈی اے سے تعلق رکھتے ہیں لہذا چیمبر کے صدر کو سی ڈی اے بورٖڈ میں نما ئندگی دی جائے تا کہ تاجر برادری کے مسائل کو بہتر طور پر حل کیا جا سکے۔ انہوں نے اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ کو ایکسپورٹ ڈسپلے سنٹر کی تعمیر کے اغراض و مقاصد کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ڈسپلے سنٹر خطے کی برآمدات کو فروغ دینے میں مثبت کردار ادا کرے گا۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، نائب صدر نثار مرزا، زبیر احمد ملک،عبدالراؤف عالم، خالد جاوید، طارق صادق، میاں اکرم فرید، خالد اقبال ملک، محمد اعجاز عباسی، خالد چوہدری اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ آخر میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے ایکسپورٹ ڈسپلے سنٹر کی کنسٹریکشن کمیٹی کے چیئرمین خالد جاوید اور منصوبے کی تکمیل میں حصہ لینے والے دیگر افراد میں شیلڈ تقسیم کیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ
mm
قاضی جاوید سینئر کامرس ریپورٹر اور کامرس تجزیہ، تفتیشی، اور تجارتی و صنعتی،معاشی تبصرہ نگار کی حیثیت سے کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں ۔جسارت کے علاوہ نوائے وقت میں ایوان وقت ،اور ایوان کامرس بھی کرتے رہے ہیں ۔ تکبیر،چینل5اور جرءات کراچی میں بھی کامرس رپورٹر اور ریڈیو پاکستان کراچی سے بھی تجارتی،صنعتی اور معاشی تجزیہ کر تے ہیں qazijavaid61@gmail.com