پی آئی اے‘عاصمہ باجوہ کے مسلح گارڈ نے خوف و ہراس کی فضا پیدا کردی 

148
پی آئی اے ہیڈ آفس میں عاصمہ باجوہ کا ذاتی گارڈ اسلحہ لیے کھڑا ہے
پی آئی اے ہیڈ آفس میں عاصمہ باجوہ کا ذاتی گارڈ اسلحہ لیے کھڑا ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پی آئی اے کے ایچ آر ڈپارٹمنٹ کی سربراہ عاصمہ باجوہ کے مسلح ذاتی گارڈ نے پی آئی اے ہیڈ آفس میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کردی ہے۔ عاصمہ باجوہ نے پولیس کے مسلح گارڈ اپنی حفاظت کے لیے حاصل کیے ہیں۔ پی آئی اے ہیڈ آفس کی پہلی منزل پر جہاں چیف ایگزیکٹو افسر اور سارے ڈائریکٹرز کے دفاتر واقع ہیں، خود کار مشین گن سے مسلح یہ گارڈ خوف کی علامت اختیار کرگیا ہے۔ اس کے علاوہ پی آئی اے انتظامیہ نے ایک نجی کمپنی کے مسلح گارڈز کی بھی خدمات حاصل کی ہیں جو پی آئی اے کے ہیڈ آفس کے اندر اور باہر اسلحہ تانے گھومتے نظر آتے ہیں۔ مسلح اہلکار بلڈنگ کے داخلی راستوں پر بھی
تعینات ہیں، ان مسلح محافظوں کی موجودگی میں ایک کمرشل ائر لائن کا صدر دفتر کسی دہشت گردی کا شکار علاقہ نظر آتا ہے۔ واضح رہے کہ اس وقت پی آئی اے میں ترکی کے ماہرین ایک پروجیکٹ پر کام کر رہے ہیں جبکہ غیر ملکی بینکوں اور شہری ہوا بازی سے متعلق بین الاقوامی کمپنیوں کے غیر ملکی ماہرین بھی پی آئی اے ہیڈ آفس آتے رہتے ہیں، جو خوف کے عالم میں مسلح افراد کو ٹہلتے دیکھتے ہیں، ان مسلح افراد کی موجودگی سے پی آئی اے ملازمین اور افسران سخت خوف محسوس کر رہے ہیں کہ خود کار ہتھیاروں کی موجودگی کسی حادثے کا سبب بھی بن سکتی ہے۔ ائرلائن افسران کا کہنا ہے کہ قومی ائر لائن کے صدر دفتر میں خود کار ہتھیار لیے اہلکاروں کا اس طرح نظر آنا پاکستان اور خود پی آئی اے کے بارے میں اچھا تاثر قائم نہیں کر رہا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ