نواز شریف رہائی کے بعد پہلی بار احتساب عدالت میں پیش

87
اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف احتساب عدالت سے واپس آرہے ہیں
اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف احتساب عدالت سے واپس آرہے ہیں

اسلام آباد( آن لائن+صباح نیوز ) میاں نواز شریف جیل سے رہائی کے بعد پہلی بار احتساب عدالت میں پیش ہوئے تو لیگی کارکنان کی بڑی تعداد احتساب عدالت کے باہر موجود تھی ان کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ کمرہ عدالت کے اندر سابق گورنر کے پی کے انجینئر ظفر اقبال جھگڑا، سینیٹ میں قائد ایوان راجا ظفر الحق، سینیٹر اسد جونیجو، سردار ممتاز خان، سینیٹر شاہدحسین سید، طاہرہ اورنگزیب ڈاکٹر آصف کرمانی اور دیگر موجود تھے۔ کمرہ عدالت میں میاں نواز شریف سینیٹر مشاہد حسین سید سے گفت و شنید کرتے رہے تاہم میاں نواز شریف نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرنے سے گریز کیا۔ سینیٹر پرویز رشید سے انہوں نے طویل گفتگو کی اور کچھ ضروری چیزیں نوٹ کر کے کاغذ کی پرچیاں جیب میں ڈالتے رہے۔دوسری جانب العزیزیہ ریفرنس میں نیب کے تفتیشی افسر محبوب عالم نے عدالت کو بتایا کہ ہل میٹل سے خطیر رقم نواز شریف اور مریم نواز سمیت ملزمان اور ان سے متعلقہ افراد کو منتقل ہوئی۔تفتیشی افسر محبوب عالم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ متعلقہ بینکوں کے فراہم کردہ ریکارڈ کے مطابق ہل میٹل اسٹیبلشمنٹ سے 277 اعشاریہ 856ملین روپے اور 52460ڈالر مختلف افراد کو بھجوائے گئے۔ یہ رقم اس کے علاوہ تھی جو نوازشریف اور مریم نواز کو بھجوائی گئی۔تفتیشی افسر نے مزید بتایا کہ نواز شریف کے ٹی وی انٹرویو اور قومی اسمبلی میں خطاب کے حصول کے لیے وزارت اطلاعات کو خط لکھا۔ تفتیشی افسر اپنا بیان آج بھی جاری رکھیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ