مدینہ منورہ: سعودی فرمانروا نے شاہ سلمان بین الاقوامی کانفرنس سینٹر کا افتتاح کردیا

109
مدینہ منورہ: شاہ سلمان بین الاقوامی کانفرنس سینٹر کی پُرشکوہ عمارت‘ سعودی فرمانروا اندر سے معاینہ کررہے ہیں
مدینہ منورہ: شاہ سلمان بین الاقوامی کانفرنس سینٹر کی پُرشکوہ عمارت‘ سعودی فرمانروا اندر سے معاینہ کررہے ہیں

مدینہ منورہ (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی فرماں روا سلمان بن عبدالعزیز نے مدینہ منورہ میں ’شاہ سلمان بین الاقوامی کانفرنس سینٹر‘ کا افتتاح کردیا۔ کانفرنس سینٹر کے عارضی انتظامی دفتر میں شاہ سلمان کی آمد کے موقع پر مدینہ منورہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان، ڈپٹی گورنر شہزادہ سعود بن خالد فیصل، وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود، وزیرخزانہ
محمد جدعان اور دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سعودی فرماں روا کے سامنے ایک بچی نے کانفرنس سینٹر کا ڈیزائن پیش کیا۔ مقامی حکام کی طرف سے شاہ سلمان کو سینٹر کے بارے میں تفصیلی معلومات دی گئیں۔ کانفرنس سینٹر کے لیے مسجد نبوی سے 6 کلو میٹر اور بین الاقومی ہوائی اڈے سے 12 کلو میٹر دور 9ہزار 100 مربع میٹر رقبہ مختص کیا گیا ہے۔60 ہزار مربع میٹر پر کانفرنس کی عمارتیں تعمیر کی جائیں گی۔ مرکزی کانفرنس ہال میں ڈھائی ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجایش ہوگی۔ اس کے علاوہ دیگر اغراض کے لیے 3ہال بھی بنائے جائیں گے، جن میں سے ہرایک میں 500 افراد کی گنجایشہوگی۔ اس کے ساتھ ایک میڈیا دفتر، انتظامی دفتر اور دیگر متعلقہ امور کے دفاتر بھی قائم کیے جائیں گے۔ اس کے بعد شاہ سلمان کو مدینہ منورہ میں ‘شاہ عبدالعزیز وقف لائبریری‘ منصوبے کے بارے میں بھی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ لائبریری کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حسن سریحی نے بتایا کہ شاہ عبدالعزیز وقف لائبریری میں ایک ہزار سال پرانے مخطوطات، 940 سال پہلے تیار کردہ قرآنی نسخہ جات اور دیگر تاریخی عربی دستاویزات شامل کی جائیں گے۔ اس کے علاوہ مسجد قبا اور مسجد نبوی کو ایک سڑک سے ملانے کے منصوبے کے بارے میں بھی بتایا گیا۔
مدینہ منورہ/افتتاح

Print Friendly, PDF & Email
حصہ