پاکستان کوبنگلا دیش کے ہاتھوں عبرتناک شکست ، ایشیا کپ سے باہر

174

ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سپر فور مرحلے کے چھٹے اور آخری میچ میں بنگلادیش کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گیا۔ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں بنگلا دیش کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلادیش کی پوری ٹیم 48.4 اوورز میں 239 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے اور اس طرح سرفراز الیون کو 37 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اوپنر فخر زمان اور امام الحق نے کیا۔اوپنر فخر زمان ایک بار پھر ناکام ہوئے اور صرف ایک رن بناکر مہدی حسن مراز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد بابر اعظم بھی زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے اور ایک رن بناکر مستفیض الرحمن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان سرفراز احمد تھے جو ایشیا کپ میں مسلسل ناکام رہے۔ مشکل وقت میں جب ٹیم کو ان کی ضرورت تھی تو وہ حسب معمول غیر ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 10 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔پاکستان کی چوتھی وکٹ 85 کے مجموعی اسکور پر گری جب آخری امید شعیب ملک بھی 30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔گرین شرٹس کو پانچواں نقصان 94 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب شاداب خان 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔بنگلادیش کیخلاف پاکستان کی چھٹی وکٹ 165 رنز پر گری جب آصف علی 31 رنز بناکر مہدی حسن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد 167 کے مجموعی اسکور پر امام الحق 83 رنز بناکر محمود اللہ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔پاکستان کی آٹھویں وکٹ 181 رنز پر گری جب حسن علی 8 رنز بناکر مستفیض الرحمن کی گیندپر آؤٹ ہوگئے۔محمد نواز پاکستان کے نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو صرف 8 رنز بناسکے۔قبل ازیں بنگال ٹائیگرز کی جانب سے لٹن داس اور سومیا سرکار نے اننگز کا آغاز کیا تاہم میچ کے تیسرے ہی اوور میں سومیا سرکار بغیر کوئی رنز بنائے جنید خان کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، اگلے ہی اوور میں شاہین آفریدی نے مومن الحق کو کلین بولڈ کیا۔ بنگلادیش کو تیسرا خسارہ لٹن داس کی صورت میں ہوا جنہیں جنید خان نے کلین بولڈ کیا اور وہ 6 رنز ہی بناسکے۔اس کے بعد وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم اور محمد متھن نے ٹیم کو سہارا دیا اور ذمے دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے دونوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔محمد متھن 60 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد امرالقیس بھی صرف 9 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔مشفیق الرحیم نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور 99 رنز پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ ہوگئے تاہم ان کی شاندار اننگز نے بنگلادیش کو مشکل سے نکال دیا۔پاکستان کی جانب سے جنید خان نے 4، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے دو دو جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ