ہمیں نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو ایران کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا، امریکا

102

امریکی صدر کے مشیر برائے قومی سلامتی جان بولٹن نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے ہمیں نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنا رویہ تبدیل کرے ورنہ حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رہے، ہمارا موقف بہت واضح ہے اور ہم مکمل طور پر ایرانی رویہ دیکھ رہے ہیں۔ اگر ایران نے امریکا کے اتحادیوں یا امریکی شہریوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو اس کے برے نتائج برآمد ہوں گے اور ایران کو اس کی قیمت چکانا پڑے گی۔

جان بولٹن کا کہنا تھا کہ  امریکا ایران پر پوری قوت اور عزم کے ساتھ اقتصادی پابندیاں عائد کرے گا۔ بعض ملکوں کےقول وفعل میں کھلا تضاد ہے، ایرانی تیل کی درآمدات پرعائد کردہ امریکی پابندیوں کو غیر موثر کرنے والے کامیاب نہیں ہوں گے۔ ہم یورپی یونین یا دنیا کی کسی دوسری قوت کو ایران پر پابندیاں غیر موثر بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ایران کو تنہا کردے۔ اس سے قبل ایرانی صدرحسن روحانی نے امریکا پر دادا گیری  کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا ایران میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ