ایک اور سرجیکل اسٹرائیک کرینگے، جنرل راوت۔ وطن کی حرمت و سلامتی مقدم ہے، جنرل باجوہ

146

نئی دہلی،اسلام آباد(آن لائن) بھارتی آرمی چیف بیپن راوت نے ایک اور ہرزا سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے بہت جلد ایک اور سرجیکل اسٹرائیک کرنے والے ہیں،اگر پاکستان معمول کے تعلقات اورسرحد پر امن چاہتا ہے تو فوری اقدامات کرے۔پیر کوبھارتی آرمی چیف بیپن راوت نے اپنے ایک بیان میں پاکستان کو گیدڑ بھبکی دیتے ہوئے کہا کہ بہت جلدایک اور سرجیکل اسٹرائیک کرنے والے ہیں کیونکہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے ایک اور سرجیکل اسٹرائیک ناگزیرہے لیکن تا حال سرجیکل اسٹرائیک کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کر سکتا،اگر پاکستان معمول کے تعلقات اورسرحد پر امن کا خواہاں ہے تو فوری اقدامات کرے۔علاوہ ازیں بھارتی آرمی چیف بپن راوت کے بیان کے بعد ڈیرہ بگٹی اور مظفر آباد میں بھارت مخالف ریلیاں نکالی گئیں جس میں پاکستان کے حق اور بھارت مخالف نعرے لگائے گئے اور اقوام متحدہ سے بھارتی دھمکیوں کا نوٹس لینے کامطالبہ کیا گیا۔قبل ازیں بھارتی آرمی چیف بیپن راوت نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں ایک بار پھر اپنی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف بے سروپا الزامات کا بازار گرم کیے رکھا اور دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقات کی منسوخی پر اپنی حکومت کے قصیدے پڑھے۔ بھارتی آرمی چیف بیپن راوت نے پرانا راگ الاپتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ملاقات منسوخ کر کے درست عمل کیا اور اس حوالے سے بھارت کی پالیسی واضح ہے کہ مذاکرات کے عمل سے قبل پاکستان کو خود پرلگے دہشت گردی کے فروغ کے الزام کو غلط ثابت کرنا ہوگا۔ بہیمانہ مظالم کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کو کچلنے میں ناکام ہونے والی بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بیپن راوت نے اپنی ناکامی کا ذمے دار بھی پاکستان کو ٹھہرا تے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر میں سرحد پار سے دراندازی ہو رہی ہے اور پاکستان کشمیری نوجوانوں کے جذبات بھڑکا رہا ہے۔پاکستان رینجرز کی جانب سے حقائق بیان کرنے کے باوجود بھارتی آرمی چیف نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر بارڈر سیکورٹی فورس(بی ایس ایف)کے اہلکاروں کے قتل کا الزام پاکستان پر لگایاحالانکہ پاک فوج نے بھارتی اہلکاروں کی لاشوں کی تلاش کے لیے مدد بھی فراہم کی تھی ۔

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ وطن کی حرمت اور سلامتی تمام چیزوں پر مقدم ہوتی ہے ، کیڈٹس پیشہ ورانہ مہارت اور قائدانہ صلاحیتوں پر توجہ دیں ۔ پیر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کا کول کا دورہ کیا اور اس دوران پی ایم اے کے کمانڈنٹ میجرجنرل اخترنوازستی نے آرمی چیف کواکیڈمی کے امور کے مختلف پہلوؤں اور کیڈٹس کی تربیت کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ قومی حرمت اور وطن کی سلامتی سب چیزوں سے مقدم ہے جبکہ فوجیوں کی بہبود و تحفظ اور احترام دوسری جبکہ فوجی افسروں کی سہولت ہمیشہ اور ہربار آخری ترجیح ہوتی ہے۔انہوں نے فیکلٹی اور کیڈٹس سے خطاب میں ان پر زور دیا کہ وہ عزت، وقار، لگن اور پاک فوج کی دیگر اقدار کو مقدم رکھیں اور پیشہ ورانہ مہارت اور قائدانہ صلاحیتوں پر توجہ دیں ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ